اسلام آباد،14جولائی (اے پی پی):وزیراعظم کے مشیر برائے تجارت وسرمایہ کاری عبدالرزاق دائود نے کہا ہے کہ وزیرا عظم عمران خان کے دورہ ازبکستان سے دونوں ممالک کی تاجر برادری کے باہمی رابطوں اور تجارت کو فروغ حاصل ہوگا ۔ وزیراعظم کے دورہ ازبکستان کے آغاز سے قبل اپنے ویڈیو پیغام میں مشیر تجارت نے کہا کہ بدھ کو تاشقند میں حکومتی سطح پر وفود کی ملاقات ہوئی ہے جس میں ریلوے ، ٹرکنگ پراجیکٹ اور کسٹم کے طریقہ کار میں بہتری کے ساتھ ساتھ مجموعی کاروباری ماحول کے حوالے سے مفید بات چیت ہوئی ہے ۔ انہوں نے کہا کہ پاک ازبک بزنس کونسل کے مشترکہ اجلاس میں دونوں ممالک کی کاروباری برادری کی شرکت سے کاروباری رابطوں کے فروغ میں مدد ملے گی۔
انہوں نے کہا کہ جمعرات کو پہلی سرمایہ کاری کانفرنس ہورہی ہے جس میں وزیراعظم عمران خان بھی شرکت کریں گے ،اس موقع پر مختلف شعبوں میں مشترکہ منصوبے شروع کرنے کے متعدد معاہدوں کی توقع ہے۔ انہوں نے کہا کہ دونوں ممالک کے تاجر برادری کے باہم رابطوں سے دوطرفہ تجارت کے فروغ میں مدد ملے گی۔











