تاشقند ،15جولائی (اے پی پی):سیکرٹری سرمایہ کاری بورڈ فرینہ مظہر نے کہا ہے کہ تجارتی وفد کادورہ ازبکستان کامیاب رہا ہے، ازبک حکومت اور کاروباری برادری نے پاکستانی وفد کا گرم جوشی سے استقبال کیا ہے، پاکستان اور ازبکستان کی کاروباری اور صنعتکار برادری باہمی شراکت سے مشترکہ منصوبوں کے آغاز پر پرامید ہیں۔
وزیراعظم عمران خان کے دورہ ازبکستان کے موقع پر پاکستان ازبکستان بزنس فورم کے حوالہ سے فرینہ مظہر نے اپنے ویڈیو پیغام میں کہا کہ دونوں ممالک ایک دوسرے کے تجربات سے استفادہ کے تحت فوڈ ،ٹیکسٹائل سیکٹرز میں مشترکہ منصوبہ شروع کئے جا سکتے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ ریلوے کے منصوبوں میں بھی گہری دلچسپی کامظاہرہ کیاجارہا ہے۔
سیکرٹری سرمایہ کاری بورڈ فرینہ مظہر نے کہا کہ پاکستانی بندرگاہیں ازبکستان کے لئے بڑی پرکشش ہو سکتی ہیں کیونکہ ازبک برآمد کنندگان اپنی تجارت کو پاکستانی بندر گاہوں کے ذریعے وسعت دے سکیں گے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان اور ازبکستان نے 2006 میں سرمایہ کاری کا ایم او یو سائن کیا تھا لیکن اب حالیہ دورہ کے دوران ہم دوبارہ ای او یو کریں گے کیونکہ پہلے والے کی معیاد ختم ہو گئی ہے۔
فرینہ مظہر نے کہا کہ دو ماہ میں ترجیحی تجارت کے معاہدے (پی ٹی اے) کو حتمی شکل دے دی جائے گی کیونکہ دونوں ممالک پی ٹی اے کے حوالہ سے جلد از جلد اقدامات کو حتی شکل دینے کے خواہشمند ہیں اور اس پر اتفاق رائے بھی موجود ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ پاکستان اور ازبکستان کو ایک دوسرے کے تجربات سے استفادہ کر نا چاہیے۔











