تاشقند،16جولائی (اے پی پی):وزیراعظم عمران خان نے کہا ہے کہ پاکستان اور ازبکستان کے کاروباری طبقات کیلئے مشترکہ منصوبے شروع کرنے کے مواقع موجود ہیں، عوامی فلاح و بہبود کے منصوبوں پر کابینہ میں فوری فیصلے کئے جاتے ہیں، بیوروکریسی اور تاجر طبقہ کے حوالے سے نیب قوانین میں ترمیم کریں گے، پاکستان میں فارماسیوٹیکل کے شعبہ میں برآمدات کی استعداد بہت زیادہ ہے، صنعتی شعبہ کی حوصلہ افزائی کریں گے، ایس ایم ایز کے شعبہ کے قوانین میں آسانیوں کیلئے جامع اقدامات کئے جارہے ہیں،تاجروں کے حوالے سے نیب کے قوانین میں ترمیم کریں گے۔ وزیراعظم عمران خان نے تاشقند میں پاکستانی تاجر برادری سے مکالمہ کے دوران کہا کہ ستمبر میں ازبکستان کے صدر کا دورہ پاکستان متوقع ہے۔ انہوں نے کہا کہ جب حکومت معاونت کرتی ہے اور آسانیاں پیدا کرتی ہے تو کاروبار کی ترقی میں مدد ملتی ہے۔ وزیراعظم عمران خان نے کہا کہ کابینہ میں عوامی فلاح و بہبود کے منصوبوں پر فوری فیصلے کئے جاتے ہیں۔ انہوں نے کہاکہ مختلف اداروں کے لئے نجی شعبہ سے قابل اور باصلاحیت سربراہوں کی تقرری میں مشکلات درپیش ہیں کیونکہ نجی شعبہ کے اہل افراد نیب کے بعض قوانین کی وجہ سے سرکاری اداروں کی سربراہی سے گریز کرتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ سرکاری اداروں کی بہتری کیلئے نجی شعبہ سے اہل افراد کی تقرری اور بیورو کریسی کے علاوہ تاجروں کے حوالے سے نیب کے قوانین میں ترمیم کریں گے۔
وزیراعظم عمران خان نے کہا کہ پاکستان کے ادویہ سازی کے شعبہ میں بھرپور استعداد موجود ہے تاہم ڈرگ ریگولیٹری اتھارٹی کے حوالے سے بعض مسائل کا سامنا ہے جس کے حل کیلئے وفاقی حکومت اور ڈاکٹر فیصل سلطان اقدامات کر رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ قومی معیشت کی ترقی کیلئے حکومت کے ادارے ہر طرح کی ممکنہ سہولت فراہم کریں گے۔ وزیراعظم نے کہا کہ مشیر تجارت اور وزیر خزانہ کاروبار کی ترقی کی اہمیت سے آگاہ ہیں اور وہ یہ سمجھتے ہیں کہ کاروبار کے فروغ سے ریونیو بڑھا کر قرضے واپس کرسکیں گے۔ انہوں نے کہا کہ حکومت نے ملک میں ایس ایم ایز کے شعبہ کے فروغ کیلئے اقدامات کئے ہیں اور وفاقی وزیر خزانہ شوکت ترین اس حوالے سے ایک جامع پالیسی تیار کررہے ہیں۔