تاشقند،16جولائی (اے پی پی): وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی نے کہا کہ پاکستان ، افغانوں کی سربراہی میں ، افغانوں کو قبول، جامع مذاکرات کے ذریعے افغان مسئلے کے سیاسی حل کی حمایت جاری رکھنے کیلئے پرعزم ہے۔
ان خیالات کا اظہار وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی نے تاشقند میں وسطی و جنوبی ایشیا رابطہ کانفرنس کے موقع پر افغانستان میں مفاہمت کےلئے امریکا کے خصوصی نمائندہ زلمے خلیل زاد سے ملاقات کے دوران گفتگو کرتے ہوئے کیا، ملاقات کے دوران افغانستان کی بدلتی ہوئی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
شاہ محمود نے کہا کہ پاکستان، خطے میں روابط کے فروغ اور اقتصادی ترقی و استحکام کیلئے افغانستان میں قیام امن کو ناگزیر سمجھتا ہے ۔پاکستان، افغانستان میں قیام امن کیلئے اپنا مصالحانہ کردار ادا کرتا رہے گا۔انہوں نے کہا کہ افغانستان، کے مستقبل کا فیصلہ افغانوں نے مل بیٹھ کر خود کرنا ہے ۔











