ملک میں اب  قانون کی بالا دستی اور  بلا تفریق انصاف کا نظام مہیا کرنا ہے؛ وزیر اعظم عمران خان

135

 

باغ، 17 جولائی  (اے پی پی ): وزیر اعظم عمران خان نے کہا ہے کہ  مزدورں کیلئے مفت رہائش اور کھانے کیلئے پناہ گاہیں تعمیر کی ہیں،  ملک میں اب   قانون کی بالا دستی اور  بلا تفریق انصاف کا نظام مہیا کرنا ہے،اب جو پاکستان بننے جا رہا ہے یہ کسی کے آگے ہاتھ نہیں پھیلائے گا بلکہ غریب ممالک کی امداد کرے گا۔

ہفتہ کو باغ آزاد کشمیر میں انتخابی جلسہ سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم نے کہا کہ پاکستان مدینہ کی ریاست کی طرز پر غریبوں کی فلاح و بہبود کیلئے اقدامات کر رہا ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ ہم نے مختلف شہروں میں پناہ گاہوں کی سہولت دی تاکہ مزدور طبقہ بلامعاضہ رہائش اور کھانا کھا کر اپنا پیسہ گھر بھجوا سکے۔ انہوں نے کہا کہ جب نبی کریمۖ نے مدینہ کی ریاست کی بنیاد رکھی اور مسلمانوں نے پوری دنیا کی امامت کی اس کا سبب انسانیت کی فلاح و بہبود ہی تھی۔ وزیراعظم نے کہا کہ چین میں 30 سال کے دوران 70 کروڑ لوگوں کو غربت سے نکال کر اپنا ملک کو سپر پاور بنایا ہے۔  انہوں نے کہا کہ انصاف کے بغیر کوئی قوم ترقی نہیں کر سکتی کیونکہ کوئی بھی انصاف سے بالاتر نہیں اور جس قوم میں انصاف نہ ہو وہ قومیں تباہ ہو جاتی ہیں۔

وزیر اعظم عمران خان  نے کہا کہ حضرت علی کا قول ہے    کہ کفر کا نظام تو چل سکتا ہے لیکن ظلم کا نہیں کیونکہ جہاں انصاف نہیں ہو گا وہ قوم ترقی نہیں کر سکے گی۔ وزیراعظم نے کہا کہ حکومت گرانے کے دعویدار چاہتے ہیں کہ ان کو این آر او دے کر کرپشن معاف کر دی جائے اور وہ اشرافیہ اور کمزور طبقات کیلئے علیحدہ علیحدہ قانون چاہتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ترقی یافتہ ممالک میں جب کوئی پکڑا جائے تو وہ این آر او کی بات کرنے کی جرات نہیں کر سکتا کیونکہ وہاں سب کیلئے ایک قانون ہے۔  انہوں نے کہا کہ جس ملک میں انصاف کا نظام اور قانون کی بالادستی ہو تو وہ ملک خوشحال ہوتا ہے اور جہاں انصاف کا نظام نہ ہو اور قانون کی بالادستی بھی نہ ہو تو وہاں ہمیشہ غربت ڈیرے ڈالے رکھتی ہے۔

 وزیراعظم نے کہا کہ کوئی بھی ملک وسائل کے باوجود خوشحال نہیں ہو سکتا جب تک وہاں قانون کی حکمرانی نہ ہو۔  انہوں نے کہا کہ کلمہ طیبہ ہمیں خود داری کا سبق دیتا ہے اور ایک عام آدمی کو بڑا انسان اور کمزور قوم کو عظیم قوم بنا دیتا ہے یہی وجہ ہے کہ ریاست مدینہ میں بھی خود دار لوگ تھے جن میں خوف نہیں تھا اور انہوں نے بہت جلد آدھی دنیا پر حکومت قائم کی ایسا ہی ہم بھی چاہتے ہیں۔