حیدرآباد،25 جولائی (اے پی پی): آزاد جموں و کشمیر قانون ساز اسمبلی کے الیکشن میں وادی کشمیر اور جموں کے مہاجرین کی مخصوص نشستوں پر حیدرآباد میں چاروں پولنگ اسٹیشنز پر پولنگ کا عمل جاری ہے۔
آزاد جموں و کشمیر قانون ساز اسمبلی کے الیکشن میں وادی کشمیر اور جموں کے کشمیری مہاجرین کے لئے مخصوص نشستوں پر حیدرآباد میں آزاد جموں و کشمیر الیکشن کمیشن کی جانب سے قائم کردہ تمام چاروں پولنگ اسٹیشنز پر پولنگ کا عمل اپنے مقررہ وقت پر شروع ہوا۔
آزاد جموں و کشمیر الیکشن کمیشن کی جانب سے جاری کردہ شیڈول کے مطابق پولنگ شام پانچ بجے تک بنا کسی وقفے کے جاری رہے گی، جس میں 239 رجسٹرڈ کشمیری مہاجرین ووٹرز مقبوضہ کشمیر اور مقبوضہ جموں خطے کے لئے مخصوص 6 -6 نشستوں کے لئے ووٹ کا حق استعمال کر رہے ہیں۔
الیکشن کمیشن کے ایک مقامی عہدیدار نے بتایا کہ مہاجرین کے لئے مخصوص کردہ نشستوں کے لئے وادی کشمیر کے 190 ووٹ جبکہ جموں ریجن کے 49 ووٹ رجسٹرڈ ہیں، جو تمام چاروں پولنگ اسٹیشنز پر اپنے ووٹ کا حق استعمال کررہے ہیں، جو کہ گورنمنٹ بوائز پرائمری اسکول جی او آر کالونی، گورنمنٹ پرائمری اسکول آچر گاہو نزد فلٹر پلانٹ جامشورو روڈ، گورنمنٹ پرائمری اسکول حالی روڈ میں دو پولنگ اسٹیشنز قائم کئے گئے ہیں۔











