رینالہ خورد،26جولائی(اے پی پی):وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر محمد زکریا ذاکر نے کہا ہے کہ ہم اوکاڑہ یونیورسٹی کو ماحولیاتی اعتبار سے پائیدار اور محفوظ کیمپس بنانے کےلیے پر عزم ہیں، یونیورسٹی میں جلد ہی توانائی کے قابل تجدید ذرائع پر کام شروع کیا جائے گا۔
ان خیالات کا اظہار وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر محمد زکریا ذاکر نے فیکلٹی کے ایک اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے کہا کہ ہم مزید درخت اور پودے اگا کر اور اس خطے کے نباتاتی اور حیاتیاتی وسائل کا تحفظ کر کے اوکاڑہ یونیورسٹی کو ماحولیاتی اعتبار سے ایک پائیدار اور محفوظ کیمپس بنانے کےلیے پر عزم ہیں۔
انہوں نے بتایا کہ اوکاڑہ یونیورسٹی میں پچپن ایکڑز پر مشتمل لان اور کھیلوں کے میدان کے علاوہ دو سو سے زائد اقسام کے پودے اور درخت موجود ہیں جو کہ نہ صرف کیمپس کی خوبصورتی میں اضافہ کرتے ہیں بلکہ ماحولیاتی تبدیلیوں کی روک تھام کےلیے بھی فائدہ مند ہیں۔
وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر محمد زکریا ذاکر نے یونیورسٹی کے اساتذہ اور انتظامی اسٹاف سے اپیل کی کہ وہ حکومت پاکستان کی گرین اینڈ کلین مہم میں بڑھ چڑھ کر حصہ لیں اور ۔ انہوں نے شعبہ باٹنی اور انوائرنمنٹل سائنسز کو ہدایت کی کہ وہ طلباء کی تحقیق اور اس خطے میں ماحولیاتی بہتری کےلیے ایک بوٹینیکل گارڈن قائم کریں۔
وائس چانسلر نے یونیورسٹی میں توانائی کے متبادل اور قابل تجدید ذرائع پہ کام شروع کرنے کا بھی عندیہ دیا تا کہ توانائی کے حصول کےلیے پانی اور کوئلے پر انحصار کم کیا جا سکے۔ اس کے ساتھ ساتھ انہوں نے مستقبل قریب میں میڈیکل ، انجنئرنگ اور ایگریکلچرل سائنسز کے شعبہ جات شروع کرنے کا بھی اعلان کیا۔











