وزیرِ اعظم عمران خان سے مشیرِ تجارت و سرمایہ کاری عبدالرزاق داؤد کی ملاقات

23

اسلام آباد۔26جولائی  (اے پی پی):وزیرِ اعظم عمران خان نے وسطی ایشیائی ریاستوں سے تجارتی تعلقات کے استحکام کو خوش آئند قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ پاکستان وسطی ایشیائی ریاستوں سمیت پورے خطے کو سمندر تک رسائی فراہم کر سکتا ہے، مستقبل قریب میں پاکستان کی بندرگاہیں سی پیک کے ذریعے اہم تجارتی گزرگاہ  بنیں گی۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے مشیرِ تجارت و سرمایہ کاری عبدالرزاق داؤد سے گفتگو کرتے ہوئے کیا جنہوں نے پیر کو ان سے یہاں ملاقات کی۔ ملاقات میں عبدالرزاق داؤد نے وزیرِ اعظم کو ازبکستان دورے کے بعد باہمی تعاون و تجارت کے معاہدوں پر پیشرفت اور سرمایہ کاروں کی طرف سے مثبت نتائج ، باقی وسطی ایشیائی ریاستوں خاص طور پر تاجکستان کے متوقع دورے کی حکمتِ عملی اور اس سے سرمایہ کاری اور تجارت کے حوالے سے حاصل ہونے والے نتائج سے آگاہ کیا اور رواں ہفتے سرمایہ کاری بورڈ کے اجلاس اور رواں ماہ مختلف چیمبرز آف کامرس کے متوقع اجلاس اور اس کی حکمتِ عملی کے بارے میں آگاہ کیا۔ وزیرِاعظم عمران خان نے وسطی ایشیائی ریاستوں سے تجارتی تعلقات کے استحکام کو خوش آئند قرار دیتے ہوئے اس بات پر زور دیا کہ پاکستان بشمول ان ریاستوں کے خطے بھر کو سمندر تک رسائی فراہم کرنے کی صلاحیت رکھتا ہے، مستقبل قریب میں پاکستان کی بندرگاہیں سی پیک کے ذریعے اہم تجارتی راستوں کی بنیاد رکھیں گی۔ وزیرِ اعظم نے تاریخ میں پہلی دفعہ وسطی ایشیائی ریاستوں سے تجارتی تعلقات بڑھانے کیلئے وزارتِ تجارت اور سرمایہ کاری بورڈ کی کوششوں کو سراہا۔