موسیٰ خیل، 27جولائی(اے پی پی): ڈپٹی سپیکر بلوچستان اسمبلی سرداربابرخان نے کہا ہے کہ ماضی کے حکمرانوں کی نسبت تحصیل درگ میں اجتماعی طور پر ریکارڈ ترقیاتی کام ہوئے ہیں۔ رابطہ سڑکوں کی تعمیر،بجلی وپانی کے منصوبے اور تعلیم وصحت کے حوالے سے کافی بجٹ حلقے کے عوام کی فلاح کیلئے مختص کئے گئے ہیں۔
ان خیالات کا اظہار انہوں نے درگ ،نتھ اور ملحقہ علاقوں میں مختلف پروگراموں سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔انہوں نے کہا کہ حلقے میں عوامی ترقیاتی منصوبوں کا آغاز کیا ہے۔بجلی،پانی،صحت،تعلیم اور سڑکوں کی بحالی جیسے منصوبوں پر کام کی رفتار بڑھا دی ہے، منصوبوں کی بروقت تکمیل کیلئے متعلقہ محکموں کو ہدایات جاری کی ہیں،حلقے کے عوام ان کی کارکردگی سے مطمئن ہیں جس کی وجہ سے جوق درجوق شمولیت کررہے ہیں۔
ڈپٹی سپیکر بلوچستان اسمبلی سرداربابرخان نے کہا کہ موجودہ صوبائی بجٹ میں ڈیمز اور پینے کے صاف پانی کی فراہمی کیلئے سب سے زیادہ لاگت مختص کیے گئے ہیں تاکہ عوام کو بنیادی سہولیات ان کی دہلیز پر میسر آسکے۔انہوں نے کہا کہ سابقہ نمائندوں نے عوامی وسائل کو بے دردی سے لُوٹا ہے جس کا خمیازہ آج ملکی خزانہ بھگت رہا ہے۔
ڈپٹی سپیکر سرداربابرخان نے مختلف علاقوں میں مکمل ہونے والے ترقیاتی منصوبوں کا افتتاح کیا۔ اس موقع پر مختلف سیاسی پارٹیوں سے مستعفیٰ ہوکر سینکڑوں افراد نے پی ٹی آئی میں شمولیت اختیار کی۔ ڈپٹی سپیکر سردار بابرخان کے دورہ میں پارٹی رہنما،مقامی معتبرین بھی ہمراہ ہیں۔ڈپٹی سپیکر آج یونین کونسل کرکنہ کا بھی دورہ کریں گے۔