وہاڑی : ڈپٹی کمشنر مبین الہی کی زیر صدارت اجلاس،انسداد ڈینگی سرگرمیوں کا تفصیلی جائزہ لیا گیا

102

وہاڑی، 28 جولائی (اے پی پی ): ڈپٹی کمشنر مبین الہی کی زیر صدارت انسدادِ ڈینگی کے حوالے سے بدھ کو یہاں  ڈپٹی کمشنر آفس میں اجلاس منعقد ہوا، اجلاس میں انسداد ڈینگی سرگرمیوں کا تفصیلی جائزہ لیا گیا اور انسدادِ ڈینگی کے حوالے سے  سرگرمیوں کو مزید تیز کرنے کی ہدایت کی گئی ۔

اجلاس سی خطاب کرتے ہوئے ڈپٹی کمشنر کا کہنا تھا کہ ہاٹ سپاٹس کو باقاعدگی سے چیک کیا جائے اور ان ڈور، آؤٹ ڈور سرویلنس کو مزید تیز کیا جائے  جبکہ کسی بھی جگہ پر پانی کھڑا نہ ہو تاکہ  ڈینگی مچھر کے لاروا کی پیدائش کو روکا جائے ۔

انہوں نے کہا کہ ڈینگی سے بچاؤ کی احتیاطی تدابیر اختیار کرنا انتہائی ضروری ہیں، کسی بھی قسم کی بوگس رپورٹنگ نہیں ہونی چاہیے، ڈینگی کی احتیاطی تدابیر کی خلاف ورزی کرنے والوں کے خلاف کارروائی کی جائے  جبکہ خلاف ورزی کرنے والوں کو نوٹسز بھی جاری کیے جائیں اور  ایف آئی آر بھی درج کرائی جائے۔

 اس موقع پر سی ای او ہیلتھ وہاڑی ڈاکٹر انجم اقبال نے بتایا کہ 9 جولائی سے 27 جولائی تک ڈینگی لاروا کے 60 سمپل لیے گئے، 33 کا رزلٹ آ چکا ہے، 2 ڈینگی لاروا پازیٹو آئے ہیں۔

اجلاس میں اے ڈی سی جنرل خالد محمود گیلانی ،اے سی وہاڑی محمد جعفر چوہدری ،سی ای او ہیلتھ اور دیگر افسران موجود تھے۔