اٹک،28 جولائی(اے پی پی): تھانہ اٹک خورد پولیس نے منشیات سمگلنگ کی کوشش ناکام بناتے ہوئے ایک منشیات فروش کو گرفتار کر لیا، 5500 گرام منشیات برآمد کی۔ ترجمان اٹک پولیس کے مطابق ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر اٹک رانا شعیب محمود ڈی پی او اٹک کی ہدایت پر جرائم پیشہ عناصر کے خلاف زیرو ٹالرنس فارمولا کے تحت کاروائیاں کرتے ہوئے ضلع کی تمام پکٹس اور انٹری ایگزٹ پوائنٹس پر چیکنگ کے عمل کو الرٹ رہ کر یقینی بناتے ہوئے سرچ پارک اٹک خورد میں چیکنگ کرتے ہوئے مزداٹرک نمبر ایل ای آئی- 3333 کے-پی-کے کی جانب سے آیا جسکو چیک کیا گیا تو ٹرک میں سے 5500 گرام منشیات برآمد کر کے ٹرک میں سوارشخص محسن جاوید ولد محمد جاوید قوم مغل سکنہ مکان نمبر 7 گلی نمبر1 محلہ سہیل پارک بادامی باغ لاہورکو گرفتار کرنے کے بعد مقدمہ کا اندراج کر لیا گیا۔
اس حوالہ سے ڈی پی او اٹک رانا شعیب محمود کا کہنا تھاکہ منشیات فروشی جیسے گھناؤنے جرم کا راستہ روکنے اور اس مذموم دھندے میں ملوث ملزمان کی گرفتاری کے لیے اٹک پولیس تمام وسائل بروئے کار لائے گی اور نوجوان نسل کی رگوں میں منشیات کا زہرانڈ یلنے والے عناصر قانون کی گرفت سے کسی صورت نہیں بچ پائیں گے۔











