لاہور، 28 جولائی(اے پی پی): وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار سے ائیر آفیسر کمانڈنگ سنٹرل ائیر کمانڈ،ایئر وائس مارشل ظفر اسلم نے بدھ کو یہاں ملاقات کی ہے، ملاقات میں وزیراعلیٰ عثمان بزدار نے فضائی سرحدوں کی حفاظت کیلئے پاک فضائیہ کی پیشہ ورانہ مہارت اور خدمات کو سراہا اور پاک فضائیہ کے جانبازوں کی شجاعت اور بہادری کی تعریف کی۔
وزیر اعلیٰ نے کہا کہ پاکستان ائیر فورس کے شاہین قوم کے ہیرو ہیں، ایئرفورس کے جوانوں نے ملک کی فضائی سرحدوں کی ہمیشہ بہادری سے حفاظت کی ہے ،قوم کو پاک فضائیہ کے شاہینوں پر فخر ہے۔انہوں نے کہا کہ دشمن نے جب بھی ملک پر میلی نظر ڈالی تو پاک فضائیہ کے بہادروں نے منہ توڑ جواب دیا، پاک فضائیہ کا شمار دنیا کی بہترین فضائی فورسز میں ہوتا ہے۔
وزیر اعلیٰ عثمان بزدار نے کہا کہ قومی تعمیر کے شعبوں میں پاک فضائیہ کے بہترین کردار کو قدر کی نگاہ سے دیکھتے ہیں جبکہ تعلیم و صحت کے شعبوں میں بھی پاک فضائیہ کی کاوشیں لائق تحسین ہیں۔











