پاکستان اور افغانستان کے دائمی اور تاریخی تعلقات ہیں جن میں اتار چڑھاؤ آتا رہتا ہے، جو قربانیاں پاکستان نے افغانستان کے لئے دی ہیں ان کی مثال نہیں ملتی، وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات چوہدری فواد حسین

84

اسلام آباد، 28 جولائی(اے پی پی): وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات چوہدری فواد حسین کا پاک افغان میڈیا کنکلیو سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان اور افغانستان کے دائمی اور تاریخی تعلقات ہیں جن میں اتار چڑھاؤ آتا رہتا ہے، جو قربانیاں پاکستان نے افغانستان کے لئے دی ہیں ان کی مثال نہیں ملتی، افغانستان اور پاکستان کے لوگ مذہبی، ثقافتی اور جغرافیائی طور پر ایک دوسرے سے تاریخی رشتوں میں بندھے ہوئے ہیں۔ افغانستان کے لوگ ہمارے اپنے اور ایک ہی قبائل کے لوگ ہیں، ان کے ساتھ ہماری قربت ہے، ہماری زبان اور ثقافت ایک جیسی ہے۔ افغانستان کے ساتھ ہمارے تعلقات میں تناؤبھی رہا اور محبت بھی، ہمارے تعلقات اونچ نیچ کے باوجود آج بھی مستحکم ہیں، یہی ہماری تاریخ کا حصہ ہے۔ وفاقی وزیر اطلاعات نے کہا کہ تاریخ اٹھا کر دیکھیں تو پاکستان اور افغانستان کے درمیان تناؤ کی کیفیت تاریخ کا جبر تھا۔

چوہدری فواد حسین نے کہا کہ ہم افغانستان کے لوگوں کے ساتھ کندھے سے کندھا ملا کر آگے بڑھے، پاکستان نے لاکھوں افغان مہاجرین کی میزبانی کی۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کی یونیورسٹیوں  میں چھ ہزار کے قریب افغان  طلبا زیر تعلیم ہیں، آج یہ بچے خود بتا رہے ہیں کہ پاکستان نے انہیں مواقع فراہم کئے۔ اس وقت 30 لاکھ سے زیادہ افغان مہاجرین پاکستان میں موجود ہیں، ماضی میں ہم نے تقریباً 50 لاکھ سے زیادہ افغان مہاجرین کی میزبانی کی جو افغانستان کی آبادی کا ایک بڑا حصہ ہے۔