پاکستان افغانستان میں سیاسی حل کے لئے اپنی بھرپور کوشش کر رہا ہے تاکہ خطہ میں بہتری آئے، وزیر اعظم عمران خان

53

اسلام آباد، 29 جولائی(اے پی پی): وزیراعظم عمران خان کی افغان یوتھ میڈیا فورم کے وفد سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان دنیا میں کسی بھی دوسرے ملک سے زیادہ افغانستان میں امن چاہتا ہے کیونکہ اگر افغانستان میں امن ہوتا ہے تو پاکستان کو وسط ایشیائی ممالک تک رسائی حاصل ہوجائے گی۔ ہم پہلے ہی ازبکستان کے ساتھ مزار شریف ، پشاور ریلوے لائن کے لئے معاہدہ کر چکے ہیں جو افغانستان کے راستے پاکستان پہنچے گا۔ ہماری مستقبل کی تمام معاشی حکمت عملیوں کا انحصار افغانستان میں امن پر ہے،  پاکستانی عوام  افغانیوں کو پڑوسیوں کی بجائے اپنا بھائی سمجھتے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ میری حکومت کی خارجہ پالیسی گذشتہ پچیس سالوں سے میری پارٹی کے منشور کا حصہ رہی ہے۔ میرا ہمیشہ سے یہی مؤقف رہا ہے کہ افغان مسئلے کا حل عسکری نہیں بلکہ سیاسی طریقے سے ممکن ہے۔ پچھلے پندرہ سالوں سے پارٹی سربراہ کی حیثیت سے اور پچھلے تین سالوں سے حکومت میں رہ کر میں اپنے مؤقف پر قائم ہوں اور حکومت کو اس مؤقف پر عسکری اداروں کی مکمل حمایت حاصل ہے۔