ہری پور،29 جولائی(اے پی پی ): ڈسٹرکٹ ڈائریکٹر شعبہ زراعت ہری پور ملک اعجاز نے کہا ہے کہ رواں سال ہماری اولین کوشش ہو گی کہ کسانوں و زمینداروں کو اعلیٰ اقسام کے گندم کے بیج کی زیادہ فراہمی کو یقینی بنایا جائے گا،گذشتہ سال ضلع بھر میں کسانوں و زمینداروں کو 75 لاکھ روپے کی سبسڈی دی گئی ہے۔
ان خیالات کا اظہار انہوں نے پی ایس ڈی پی پروگرام کے تحت گندم کی پیداوار میں اضافے کے حوالے محکمہ زراعت غازی کے زیر اہتمام منعقد ہونے والے پروگرام میں زمینداروں و کسانوں سے خطاب کے دوران کیا۔ پروگرام کا انعقاد محکمہ زراعت غازی آفس کے زراعت آفیسر غازی ظفراقبال اور فیڈ اسسٹنٹ محمد سرفراز کی جانب سے کیا گیا۔ اس موقع پر کسانوں و زمینداروں کی جانب سے تجویز بھی دی گیئں ۔
ڈسٹرکٹ ڈائریکٹر زراعت ملک اعجاز نے کہا کہ گندم کی ہماری ضرورت ہے مگر پیداوار کم لے رہے ہیں، گندم کی پیداوار میں اضافہ اس وقت ممکن ہو سکتا ہے جب ہم اچھے ریسرچ شدہ بیج استعمال کریں ، گندم کی بوائی کو بروقت مکمل کریں اور زرعی ادویات کا استعمال کریں۔انہوں نے کہا کہ معیاری و ریسرچ شدہ بیج کا استعمال کرکے ہی ہم اپنی گندم کی پیداوار میں اضافہ کر سکتے ہیں۔ ملک اعجاز نے کہا کہ اس سال ہماری کوشش ہو گی کہ کسانوں و زمینداروں کو گندم کے ریسرچ شدہ اعلی کوالٹی کے بیج کی زیادہ سے زیادہ کو فراہمی کو یقینی بنایا جائے، اس سلسلہ میں غازی آفس میں تعینات ہمارا عملہ کسانوں و زمینداروں کی بھرپور معاونت کرے گا۔انہوں نے کہا کہ شعبہ زراعت کی ترقی کا عمل جاری رہے گا، زراعت کی ترقی ہماری اور ملک کی ترقی ہے، کسانوں و زمینداروں کو درپیش مسائل کے حل میں اپنا کلیدی کردار ادا کریں گے جبکہ سٹاف کی کمی کو پورا کیا جائے گا۔
پروگرام سے شعبہ زراعت کی آفیسر عائشہ صدیق، ایس ایم ایس ہری پور امجد اور سینئر ریسرچ آفیسر ہری پور عرفان احمد نےبھی خطاب کیا۔