ریلوے کے ترقیاتی منصوبوں میں کسی قسم کی تاخیر برداشت نہیں کی جائے گی،اعظم خان سواتی

12

لاہور 30 جولائی (اے پی پی ): ریلوے کے ترقیاتی منصوبوں میں کسی قسم کی تاخیر برداشت نہیں کی جائے گی، کوتاہی کی صورت میں ذمہ داری اس کے پروجیکٹ ڈائریکٹر پر ہوگی ،آئندہ کسی پروجیکٹ کا  ڈائریکٹر اس وقت تک تبدیل نہیں ہوگا جب تک وہ مکمل نہیں ہوگا۔ ان خیالات کا اظہار وفاقی وزیر ریلوے محمد اعظم خان سواتی نے جمعہ کے روز ریلوے ہیڈکواٹرزآفس میں ریلوے کے جاری ترقیاتی منصوبوں کی بریفنگ کے دوران کیا۔ وفاقی وزیر ریلوے نے کہا کہ ریلوے میں اچھے لوگوں کی اکثریت ہے تو ریل چل رہی ہے ایسی ٹیم بنائیں جس سے مل کر کام کی رفتار کو تیز کیاجائے۔ جن لوگوں کی کارکردگی ٹھیک نہیں ہے ان کو وہاں سے تبدیل کرکے ان کی جگہ کام کرنے والے لوگوں کو تعینات کیا جائے تاکہ ریلوے کوجدید خطوط پر آگے بڑھایا جاسکے۔ انہوں نے کہا کہ سگنلنگ کے جتنے پروجیکٹ ہیں انہیں چھ مہینے کے اندر اندر مکمل کیاجائے۔ سگنلنگ سسٹم میں کسی قسم کی تاخیر برداشت نہیں کیاجائے گی۔ انہوں نے کہا کہ گھوٹکی حادثے میں 66 قیمتی جانیں ضائع ہوئیں اور ریلوے کا رولنگ سٹاک اور انفراسٹرکچر کا ناقابل تلافی نقصان ہوا۔ لاہور ۔کراچی اور نارووال میں ملازمین کے لیے تعمیر کیے جانے والے فلیٹس کے بارے میں  وفاقی وزیر کو بتایا گیاکہ لاہور اور کراچی میں فلیٹس مکمل ہوچکے ہیں جبکہ نارووال میں فلیٹس کا کام باقی ہے جس پر وزیر ریلوے نے چھ مہینے کے اندر کام مکمل کرکے ریلوے کے حوالے کرنے کے احکامات جاری کیے اور کہا کہ بقیہ کام ریلوے کی کمپنی ریل کاپ مکمل کرے گی۔اعظم سواتی کا کہنا تھا کہ پاکستان ریلوے میں جہاں کہیں بھی مافیا ہے وہ ریلوے کی ترقی میں رکاوٹ ہے لہذا ہر شعبے سے مافیا کو ختم کرنا ہوگا۔ پاکستان ریلوے میں ہیومن ریسورس کی کمی نہیں ہے چیزوں کو ٹھیک کرنے کی ضرورت ہے لوکوموٹیوز کے منصوبوں کو مکمل کرنے کے لیے کام میں تیزی لائی جائے ۔ کوچز کی مرمت اور بحالی کے حوالے سے بات کرتے ہوئے وفاقی وزیر ریلوے نے کہا کہ بحالی کے پروجیکٹ کو تیز کیا جائے اور ساری کوچز کو بحال کرکے ریلوے کے سسٹم میں ڈالا جائے اور اضافی کوچز بھی مختلف جگہوں پر دستیاب ہوں۔

ا جلاس میں سیکرٹری /چیئرمین ریلویز حبیب الرحمان گیلانی، چیف ایگزیکٹیو آفیسر پاکستان ریلویز نثار احمد میمن، ایڈیشنل جنرل منیجر انفراسٹرکچر آصف متین زیدی، ایڈیشنل جنرل منیجر ٹریفک سید مظہر علی شاہ ایڈیشنل جنرل منیجر مکینکل سلمان صادق، ایڈوائزر ٹو فیڈرل منسٹر فار ریلویز عبدالرشید ، ڈائریکٹر پبلک ریلیشنز نازیہ جبیں کے علاوہ سینئر افسران نے شرکت کی۔