نارووال،28جولائی(اے پی پی): ہیپاٹائٹس کےعالمی دن کے حوالے سے محکمہ صحت کے زیراہتمام کمیٹی روم نارووال میں سیمینار منعقد ہوا، جس کی صدارت ڈپٹی کمشنر نبیلہ عرفان نےکی۔ سیمینار میں سی ای او ہیلتھ ڈاکٹر خالدجاوید، ڈی اوز ہیلتھ ڈاکٹر محمد طارق، ضلعی فوکل پرسن ڈاکٹرمحمد زاہد رندھاوا، ڈسٹرکٹ کوارڈی نیٹربرائے نیشنل پروگرام ڈاکٹرنوید حیدر، ڈسٹرکٹ سوشل آرگنائزر ممتازبٹ، فوکل پرسن برائے ہیپاٹائٹس ڈی ایچ کیو ڈاکٹر اعتزازاقبال چوہدری، ڈاکٹر محمد شفیق، ڈاکٹر فیصل اسحاق،انچارچ شعبہ ڈائیلاسز طارق شاہین،نرسنگ انچارج مقبول فاطمہ کے علاوہ سول ڈیفنس، فشریز، ماحولیات ودیگرمحکموں کے افسران نے شرکت کی۔
ڈپٹی کمشنر نبیلہ عرفان نے ہیپاٹائٹس کے عالمی دن کے موقع پر سیمینار سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ہیپاٹائٹس کا مرض تیزی کے ساتھ پھیل رہا ہے، چین کے بعد پاکستان میں سب سے زیادہ ہیپاٹائٹس کے مریض ہیں، جوکہ ہمارے لئے تشویشناک عمل ہےکیونکہ جگر کی سوزش بڑھ جانے سے یہ بیماری انسان کو موت کی منہ میں دھکیل سکتی ہے لہذا ہمیں اس مرض پر قابو پانے کے لئے بروقت اپنی سیکرننگ کرانا ہوگی، اور اس سلسلہ میں حکومت پنجاب کی طرف سے دیگر طبی سہولیات کے ساتھ ساتھ ہیپاٹائٹس کے بروقت علاج معالجے کے لئے ڈی ایچ کیو ہسپتال سے لے کر تحصیل ہیڈ کوارٹرہسپتال کی سطح پر خصوصی سینٹرزقائم کیے گئے ہیں جہاں پر آنے والےمریضوں کا مفت علاج معالجہ کیاجارہا ہے۔
سیمینار میں ڈاکٹر اعتزاز اقبال چوہدری اور ڈاکٹر محمد شفیق نے شرکاء کو ہیپاٹاٹس کی بروقت تشخیص، اس کےنقصانات اور بچاؤ کے بارے تفصیل سے آگاہ کیا۔
سی ای او ہیلتھ ڈاکٹر خالد جاوید نے ڈپٹی کمشنر نبیلہ عرفان کو ضلع بھر میں ہیپاٹائٹس کے حوالے سے حکومتی سطح پر مریضوں کو دی جانے والی سہولیات کے بارے بتایا کہ ڈی ایچ کیو اور ٹی ایچ کیو ہسپتالوں میں ہیپاٹائٹس کی سکریننگ کی سہولیات موجودہیں، اور تشخیص کے بعد مریضوں کا مفت علاج معالجہ کیا جارہا ہے، اور اس کے ساتھ ساتھ نوزائیدہ بچوں کو پیدائش کے فوری بعد ایچ ای پی کی ویکسیبن لگائی جارہی ہیں اور اس وقت ہیپاٹائٹس کے 15ہزار 990 مریضوں کا علاج معالجہ کیا جارہا ہے۔
سیمینار کے اختتام پر ہیپاٹائٹس کے عالمی دن کے موقع پر آگاہی ریلی بھی نکالی گئی جس کی قیادت ڈپٹی کمشنر نبیلہ عرفان نے کی











