وزیراعظم عمران خان کا ”آپ کا وزیراعظم آپ کے ساتھ” پروگرام میں عوام کے براہ راست سوالات کا جواب

12

اسلام آباد، یکم اگست ( اےپی پی): اتوار کو ”آپ کا وزیراعظم آپ کے ساتھ”  پروگرام میں ٹیلی فون کالز اور سوشل میڈیا پیغامات کے ذریعہ عوام سے براہ راست گفتگو کرتے ہوئے وزیراعظم عمران خان نے کہا کہ پروگرام کے آغاز میں سب سے پہلے کورونا پر بات کرنا چاہتا ہوں کیونکہ اس وقت پاکستان میں کورونا کی چوتھی لہر آئی ہوئی ہے، بھارتی ویرینٹ ڈیلٹا سب سے خطرناک ہے اور تیزی سے پھیلتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ماضی میں اللہ نے ہم پر خصوصی کرم کیا اور ہم نے مشکل لیکن بروقت فیصلوں سے اپنے عوام اور معیشت کو کورونا سے بچایا۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کے اقدامات کی بین الاقوامی سطح پر تعریف کی گئی ہے اور عالمی اقتصادی فورم نے اپنی رپورٹ میں کہا ہے کہ کورونا کی وباء کے خلاف بہترین اقدامات کرنے والے ممالک میں پاکستان تیسرے نمبر پر رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ اس حوالہ سے بہتر کارکردگی کا مظاہرہ کرنے والے باقی دو ممالک کی آبادی بہت کم تھی لیکن ہم نے 22 کروڑ سے زائد آبادی کو اس مشکل صورتحال سے نکالا۔

 اس موقع پر عمران خان نے عوام سے اپیل کی کہ ماسک پہنیں کیونکہ ماسک سے وبا کے پھیلاؤ میں 60 سے 70 فیصد کمی آتی ہے۔