نورمقدم کیس میں پولیس پر کوئی پریشر نہیں ہے، آئی جی اسلام آباد

22

اسلام آباد۔1اگست  (اے پی پی):آئی جی اسلام آباد قاضی جمیل الرحمان نے کہا ہے کہ نورمقدم کیس میں پولیس پر کوئی پریشر نہیں ہے،انویسٹی گیشن میں جوسامنے آرہا ہے اس کو گرفتار کیا جارہاہے، ہم میرٹ پر اپنا کام کررہے ہیں اور وفاقی حکومت کی ہمیں مکمل سپورٹ حاصل ہے۔ پولیس شہداءکی یاد میں منعقدہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ آج کی تقریب ان تمام فورسز کے شہداءکیلئے ہے جنہوں نے اس ملک اس وطن میں امن کیلئے اپنی جانیں قربان کیں،چار اگست کو یوم شہداءاس جذبے کے تحت منائیں گے کہ زندہ قومیں اپنے شہداء کو یاد رکھتی ہیں، شہداءکی فیملیز ہماری  اولین ترجیح ہیں ، اسلام آباد پولیس کی تاریخ کا ایک بڑا کام کیا ہے کہ ہم نے شہداءکے 286بچوں کی ملازمتوں کومستقل کردیا ہے جس پروفاقی حکومت کے شکرگزار ہیں۔ انہوں نے کہا کہ اسلام آباد پولیس کے اہلکاروں کیلئے میڈیکل کی سہولت دینے کیلئے مختلف نجی لیبارٹریز کے ساتھ معاہدے کئے ہیں،پولیس اہلکاروں کیلئے رہائش کی سہولیات بھی فراہم کررہے ہیں، پولیس فورس کو نفری کی کمی کا سامنا ہے اس کیلئے کام کررہے ہیں،ہم نے اپنی پولیس فورس کومعاونت فراہم کی کہ وہ ویکسینیشن کروائیں،پولیس فورس کے 99 فیصد اہلکاروافسران ویکسینیشن کروا چکے ہیں۔