اشیاء خورد و نوش کی قیمتوں میں کمی کیلئے کوشاں ہیں، اس وقت رہائش کے اعتبار سے پاکستان دنیا میں سب سے سستا ہے، عمران خان

114

اسلام آباد، یکم اگست ( اےپی پی): اتوار کو ”آپ کا وزیراعظم آپ کے ساتھ”  پروگرام میں ٹیلی فون کالز اور سوشل میڈیا پیغامات کے ذریعہ عوام سے براہ راست گفتگو کرتے ہوئے وزیراعظم عمران خان نے کہا کہ مہنگائی ہماری حکومت کیلئے بھی تکلیف ہے، روپے کی قدر میں کمی بھی اس کی ایک وجہ ہے جسے مصنوعی طورپر گذشتہ دور حکومت میں رکھا گیا۔ انہوں نے کہا کہ کسان کی پیداوار اور شہر میں ریٹیل فروخت میں قیمتوں میں بڑا فرق ہے اس کیلئے 800 نئے سٹوریج بنا رہے ہیں اس کیلئے کسان کارڈ بھی متعارف کرایا جا رہا ہے۔ وزیراعظم نے کہا کہ ان تمام مشکلات کے باوجود پاکستان دنیا میں سب سے سستا ملک ہے، پٹرول کی قیمتیں درآمد کرنے والے ملک میں سب سے کم ہیں، ہم اشیاء خورد و نوش کی قیمتوں میں کمی کیلئے کوشاں ہیں، اس حوالہ سے ہر ہفتے اجلاس منعقد کرتے ہیں۔ وزیر اعظم نے کہا کہ اس وقت رہائش کے اعتبار سے پاکستان دنیا میں سب سے سستا ہے۔تیل کی قیمت دنیا میں 47 فیصد جبکہ پاکستان میں 11 فیصد بڑھیں۔