گور نر پنجاب چوہدری محمدسرور سے وزیر مملکت پار لیمانی امور علی محمد خان کی ملاقات

64

لاہور۔2اگست  (اے پی پی):گور نر پنجاب چوہدری محمدسرور سے پیر کے روز یہاں وزیر مملکت برائے پار لیمانی امور علی محمد خان نے ملاقات کی۔ اس موقع پرگور نر پنجاب چوہدری محمدسرور نے کہا کہ سیاسی مخالفین کا ملکی ترقی اور استحکام کو بیک گیئر لگانے کا منصوبہ کامیاب نہیں ہوگا۔پاکستان کی ترقی ،خوشحالی اور استحکام کے لئے تما م قومی ادارے ایک پیج پر ہیں،وزیر اعظم عمران خان کی قیادت میں حکومت قومی امنگوں کی ترجمانی کر رہی ہے،پنجاب میں سر کاری اور نجی پرائمری سکولوں میں یکساں نظام تعلیم تاریخی اقدام ہے ۔ گور نر پنجاب چوہدری محمدسرور سے وزیر مملکت علی محمد خان کی ہونیوالی ملاقات کے دوران سیاسی اورپارلیمانی امور سمیت دیگر ایشوز کے بارے میں بات چیت کی گئی ۔ اس موقع پرگور نر پنجاب نے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان میں پہلی بار حکومت اداروں کی مضبوطی کیلئے کام کر رہی ہے اور آج اداروں کو ریموٹ کنٹر ول سے چلانے کی بجائے ان کو آزاد اور مستحکم بنا یا جارہا ہے۔انہوں نے کہا کہ ہم اداروں کو سیاست مداخلت سے پاک کر نے کی پالیسی پر گامزن ہیں کیونکہ اداروں کی مضبوطی سے ہی پاکستان مضبوط ہوگا اور عوام کے مسائل کو فوری حل بھی کیا جاسکے گا۔چوہدری محمدسرور نے کہا کہ اپوزیشن میں ایک نہیں درجن بیانیے چل رہے ہیں ان سے کوئی خطرہ نہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ موجودہ حکومت کسی انتقام پر نہیں بلکہ آئین وقانون کی حکمرانی پر یقین رکھتی ہے اور آئین وقانون کی حکمرانی پر کسی قسم کا سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا۔گورنر پنجاب نے کہا کہ وزیر اعظم عمران خان کی قیادت میں حکومت قومی امنگوں کی ترجمانی کر رہی ہے اور صحت تعلیم سمیت ہر شعبے میں عوام کیلئے تاریخی اقدامات کیے جا رہے ہیں۔انہوں نے کہا کہ پنجاب میں سر کاری اور نجی پرائمری سکولوں میں یکساں نظام تعلیم تاریخی اقدام ہے ۔چوہدری محمد سرورنے کہا کہ کورونا ایس او پیز پر عمل نہ کرنیوالے اپنی اور دوسروں کی جان کے دشمن ہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ کوروناکوشکست دینے کیلئے ہر پاکستانی کو ویکسی نیشن لازم کروانا ہوگی ۔ اس موقع پروزیر مملکت علی محمد خان نے کہا کہ اپوزیشن کے پاس کوئی ایجنڈہ اور ویژن نہیں عوام حکومت کیساتھ ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ آزاد کشمیر میں تحر یک انصاف کی جیت عوام کا حکومتی پالیسیوں پر اعتماد ہے۔ انہوں نے کہا کہ تحر یک انصاف کی حکومت اور وزیر اعظم عمران خان آئینی مدت پوری کرینگے ۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان خطے میں امن کیلئے نیک نیتی سے اپنا مثبت کردار ادا کر رہا ہے۔