ہمارا وژن نچلے طبقےکو غربت سے نکالنا ہے، ہماری 40 فیصد آبادی میں سے 25 فیصد آبادی خط غربت سے نیچے زندگی بسر کر رہی ہے ، وزیراعظم عمران خان کا آئی سی ای ای نمائش کی اختتامی تقریب سے خطاب

16

اسلام آباد۔2اگست  (اے پی پی):وزیراعظم عمران خان نے غربت میں کمی، ملکی دولت میں اضافہ اور ماحولیاتی تحفظ کو اپنا بڑا وژن  قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ نظام کرپٹ ہو تو چند لوگ امیر جبکہ ملک غریب ہو جاتا ہے، قانون کی بالادستی سے ہی ملک میں بڑے پیمانے پر تبدیلی آئے گی، 9 اگست کو کامیاب پاکستان پروگرام کا اجراء کیا جا رہا ہے، پروگرام کے تحت خاندان کے ایک فرد کو تکنیکی تربیت اور بلاسود قرضہ فراہم کیا جائے گا، ماضی میں گھر بنانے کیلئے بینک قرضے نہیں دیتے تھے، اب صورتحال بدل چکی ہے، ٹیکس محصولات کا نظام بہتر بنانے کیلئے اصلاحات لا رہے ہیں، برآمدات بڑھانے کیلئے برآمدی شعبہ کو خصوصی مراعات دیں گے، ماحولیاتی تبدیلیوں کے اثرات سے بچنے کیلئے زیادہ سے زیادہ درخت لگانا ہوں گے، تمام شہروں کے ماسٹر پلان بنا رہے ہیں، قبضہ گروپوں سے سرکاری زمینیں واگزار کرائیں گے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے پیر کو نیا پاکستان ہائوسنگ اتھارٹی اور راولپنڈی ایوان صنعت و تجارت کے اشتراک سے منعقدہ تین روزہ انٹیریئر کنسٹرکشن، الیکٹریکل و الیکٹرانکس (آئی سی ای ای) نمائش کی اختتامی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ وزیراعظم عمران خان نے کہا کہ ان کا وژن ہے کہ لوگوں کو غربت سے نکالا جائے، ہماری 40 فیصد آبادی میں سے 25 فیصد آبادی خط غربت سے نیچے زندگی بسر کر رہی ہے جبکہ 20 سے 25 فیصد خط غربت کے قریب قریب ہے۔