اسلام آباد۔3اگست (اے پی پی): وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات چوہدری فواد حسین نے منگل کو وزیراعظم عمران خان کی زیر صدارت وفاقی کابینہ کے اجلاس کے بعد میڈیا کو بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ چیئرمین سی ڈی اے کی جانب سے وفاقی دارالحکومت کے سیکٹر ای ایٹ اور ای نائن میں تجاوزات کو ہٹانے کے حوالے سے کابینہ کو بریفنگ دی گئی۔ کابینہ نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ نیشنل پارک میں کسی قسم کی تجاوزات کی اجازت نہیں دی جائے گی اور اس حوالے سے بلاتفریق و امتیاز قانون کا نفاذ یقینی بنایا جائے گا۔ وزیراعظم نے ایک مرتبہ پھر سخت احکامات جاری کئے ہیں کہ اسلام آباد کے اندر گرین ایریاز کو ہر صورت تحفظ فراہم کیا جائے، اس میں گرین ایریاز میں تجاوزات چاہے جن اداروں کی طرف سے قائم کی گئی ہیں، انہیں پیچھے ہٹایا گیا ہے، نیول فورسز، فضائیہ، پولیس سمیت دیگر سرکاری اداروں کو کہا گیا ہے کہ وہ گرین ایریاز سے اپنی تجاوزات کو پیچھے ہٹائیں۔ انہوں نے بتایا کہ طاقتور ترین لوگوں کی جانب سے قائم کی جانے والی تجاوزات کے خلاف وزیراعظم نے سختی سے ہدایت کی ہے، ہم اسلام آباد کے اصل گرین ایریاز کو بحال کر رہے ہیں۔ تجاوزات کے خلاف کارروائی کسی امتیاز کے بغیر جاری رہے گی۔ انہوں نے بتایا کہ مونال ریسٹورنٹ کے قریب نیشنل پارک کے اندر تعمیرات کی اطلاعات موصول ہوئی ہیں، اگر ایسی تجاوزات ہوئیں تو انہیں گرا دیا جائے گا، وزیراعظم نے اس ضمن میں علی نواز اعوان کو ذمہ داری سونپی ہے۔











