لاہور،04 جولائی(اے پی پی): گورنر پنجاب چوہدری محمد سرور نے پاکستان کی پہلی ڈیجیٹل ہیلتھ کانفرنس کی صدارت کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ استحقاق بل پر میرے اعتراضات کسی کو خوش کرنے کیلئے تھے نہ میں کسی کی ڈکٹیشن لیتا ہوں۔
انھوں نے کہا کہ عدالتوں کے علاوہ کسی کے پاس کسی کو سزاسنانے کیلئے اختیارات نہیں ہونے چاہیے، عدلیہ کی پاور صرف ججوں کے پاس ہونی چاہئے کسی اور کے پاس نہیں، چوہدری پرویز الٰہی ہمارے اتحادی ہیں انکے ساتھ ابھی مزید2سال چلنا ہے، اراکین پنجاب اسمبلی نے دوبار استحقا ق بل منظور کر لیا ہے تویہ انکی مرضی ہے۔
انہوں نے کہا کہ سپیکر چوہدری پرویز الٰہی کے جو بھی تحفظات ہوں گے انکو دور کیا جائے گا، کوئی ایسی بات نہیں کر نا چاہتا جس سے اتحادیوں کیساتھ معاملات خراب ہوں، پنجاب اسمبلی نے استحقاق بل کو دوبارہ منظور کرلیاتو اس پر اعتراض نہیں کر سکتا، ہم نے امریکی یا کسی اور کے نہیں صرف پاکستان کے مفاد میں فیصلے کرنے ہیں، افغان امن عمل میں پاکستان پہلے دن سے اپنا تاریخی کردار ادا کر رہا ہے پاکستان کا پہلے دن سے یہ مؤقف ہے کہ جنگیں مسائل کا حل نہیں ہوتیں، پوری دنیا نے دیکھا افغانستان میں امریکہ اٹھارہ سال رہنے کے باوجود ناکام رہا۔
انہوں نے کہا کہ ڈیجیٹل ہیلتھ کا مستقبل بڑا شاندار ہے ہیلتھ پالیسی اور اصلاحات کرنے میں بھی مدد ملے گی۔











