پاکستان کی تاریخ میں پہلی بارمحکمہ صحت پنجاب میں 500میل نرسز بھرتی کئے گئے ہیں؛صوبائی وزیر ڈاکٹر یاسمین راشد

17

لاہور، 4 اگست (اے پی پی): صوبائی وزیر صحت ڈاکٹریاسمین راشد نے کہا ہے کہ پاکستان کی تاریخ میں پہلی بارمحکمہ صحت پنجاب میں 500میل نرسز بھرتی کئے گئے ہیں۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے محکمہ سپیشلائزڈ ہیلتھ کئیراینڈ میڈیکل ایجوکیشن میں اعلی سطح کے اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کیا۔انہوں نے کہا کہ فاطمہ جناح میڈیکل یونیورسٹی اوریواین ایف پی اے کے درمیان طے پائے جانے والے معاہدہ کے مطابق 4سالہ بی ایس سی مڈوائفری پروگرام کو کامیابی سے چلایاجائے گا،  پنجاب ہیلتھ کئیرکمیشن صوبہ بھرکے نجی ہسپتالوں میں کوروناکے مریضوں کے علاج کو مسلسل مانیٹرکررہا ہے اورمحکمہ صحت پنجاب کی سفارشات پرصوبہ کے نجی ہسپتالوں میں کوروناکے 216مریضوں کو علاج کی مفت سہولت فراہم کی جائیگی۔

ڈاکٹر یاسمین راشد نے کہا کہ مدراینڈ چائلڈ بلاک گنگارام ہسپتال کو مقررہ وقت پر مکمل کیاجائیگا، مدراینڈ چائلڈ بلاک 650بستروں اور 10منزلوں پرمشتمل اسٹیٹ آف دی آرٹ ہسپتال ہوگا، پنجاب میں روزانہ کی بنیادپر ویکسی نیشن کا ہدف حاصل کیاجارہاہے۔انہوں نے کہا کہ این سی اوسی کی ہدایات کے مطابق ایس اوپیزپرسختی سے عملدرآمد کروایا جارہا ہے، محکمہ صحت پنجاب نے محرم الحرام کیلئے بھی ایس اوپیز جاری کردی ہیں، عوام کوروناوائرس کی چوتھی اور خطرناک لہرسے بچنے کیلئے احتیاطی تدابیر سختی سے اپنائیں، عوام ماسک کی پابندی،سنیٹائزرکے استعمال، سماجی فاصلوں کویقینی اور غیرضروری اجتماعات سے گریزکریں۔

 صوبائی وزیر صحت ڈاکٹریاسمین راشدنے اجلاس کے دوران نجی ہسپتالوں میں کوروناکے مریضوں کیلئے طبی سہولیات، بی ایس سی مڈوائفری پروگرام،ویکسی نیشن اور مدراینڈ چائلڈ بلاک گنگارام پر جاری پیش رفت کاجائزہ لیا۔

 سیکرٹری محکمہ سپیشلائزڈ ہیلتھ کئیراینڈ میڈیکل ایجوکیشن محمد عامرجان، ایڈیشنل سیکرٹری سٹاف اور چیف ایگزیکٹو پنجاب ہیلتھ کئیرکمیشن نے وزیر صحت کو بریفنگ دی جس پر وزیر صحت نے پنجاب کے سرکاری و نجی ہسپتالوں میں کوروناکے مریضوں کیلئے علاج کے انتظامات پراطمینان کااظہارکیا۔