اٹک، 05 اگست (اے پی پی): یوم استحصال کشمیر کے حوالے سے تقریب اور ریلی کا اہتمام کیا گیا۔
کشمیری عوام کے ساتھ اظہار یکجہتی کے لیے تحصیل کونسل سے ریلی نکالی گئی، ریلی کے شرکاء نے بازوؤں پر کالی پٹیاں باندھ رکھی تھیں جبکہ ہاتھوں میں پلے کارڈز اور بینرز اٹھا رکھے تھے جن پر کشمیری عوام کے حق میں نعرے درج تھے، صبح نوبجے سائرن بجایا گیا اور ایک منٹ کی خامو شی اختیار کی گئی۔
منعقدہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے ڈپٹی کمشنر عمران حامد شیخ نے کہا کہ آزادی کشمیریوں کابنیادی حق ہے جو انہیں ہر صورت ملنا چائیے، کشمیریوں کو آزادی نہ دے کر انکا بنیادی حق پا مال کیا جا رہا ہے جو انتہائی زیادتی ہے۔انہوں نے کہا کہ بھارتی حکومت نے کشمیریوں کے حقوق پامال کر تے ہوئے گذشتہ دو سال سے ان کی آزادی سلب کی ہوئی ہے اور ہمارے کشمیری بھائی انتہائی مشکل زندگی بسر کر نے پر مجبور ہیں۔
ڈپٹی کمشنر نے کہا کہ ضرورت اس امر کی ہے کہ اقوام عالم کشمیریوں کے ساتھ کھڑے ہوں اور بھارت کو مجبور کریں کہ وہ کشمیریوں کے حق خود ارادیت کا احترام کرے اور انہیں ان کی مرضی کے مطابق فیصلہ کرنے کا اختیار دے۔انہوں نے کہا کہ کشمیری عوام ڈوگرہ راج کے وقت سے آزادی کے لیےء کو شاں ہیں اور آج بھارت ان پر ظلم وستم ڈھا کر ان کی آواز کو دبانا چاہتا ہے جو ممکن نہیں ہے۔
عمران حامد شیخ نے کہا کہ وزیراعظم عمران خان بھر پور انداز میں کشمیری عوام کا مقدمہ لڑ رہے ہیں جس سے بھارت سفار تی معاذ پر تنہا رہ گیا ہے۔
ڈی پی او رانا شعیب محمود نے کہا کہ ظلم وستم کے ذریعے کشمیریوں کے حق خود ارادیت اور آزادی کی آواز کو نہیں دبایا جا سکتا۔انہوں نے کہا کہ پاکستان کی حکومت اور پاکستان کی عوام کشمیریوں کی اخلاقی اور سفارتی حمایت جاری رکھیں گے، اب وقت آگیا ہے کہ کشمیر کا مسئلہ اقوام متحدہ کی قراردادوں اور کشمیری عوام کی امنگوں کے مطابق حل کیا جائے،جس کا ان سے وعدہ کیا گیا ہے اور بھارت کو مجبور کیا جائے کہ وہ اپنی ریاستی دہشت گردی بند کرے اور کشمیری عوام کو اپنے مستقبل کا فیصلہ خود کرنے کا اختیار دے۔انہوں نے کہا کہ وہ دن دور نہیں جب کشمیری عوام کو بھارت کے ناجائز تسلط سے آزادی حاصل ہوگی اور وہ آزاد فضاء میں سانس لیں گے اور آزاد زندگی بسر کریں گے۔ ہمیں چاہیے کہ ہم اپنی صفوں میں اتحاد پیدا کر یں اور اپنی معیشت کے ساتھ اپنے کردار کو بھی مضبوط بنائیں۔
تقریب سے خطاب کر تے ہوئے دیگر مقررین نے کہا کہ کشمیر کی جنگ بیانیہ کی جنگ ہے اور آج پاکستان اس جنگ میں کامیاب ہوا ہے، حکومت پاکستان نے پور ی دنیا میں کشمیر کی آزادی کا جھنڈا وزیراعظم عمران خان کی قیادت میں اٹھایا اور آج اسے اس جنگ میں فتح حاصل ہوئی ہے۔اب کشمیر کی جنگ 22 کروڑ عوام لڑ رہے ہیں اور یہ جنگ آخری سانس تک جاری رہے گی۔
تقریب سے دیگر مقررین نے بھی خطاب کیا اور کشمیریوں کے حق خود ارادیت کی بھر پو ر حمایت کا اعلان کیا۔
تقریب میں طلباء کی بڑی تعداد نے بھی شرکت کی انہوں نے ہا تھوں میں پلے کارڈز اور بینرز اٹھا رکھے تھے جن پر کشمیر کی آزادی کے نعرے درج تھے۔
یوم استحصال کشمیر کے حوالے سے واک تحصیل کونسل ہال سے شروع ہو کر کچہری چوک پر اختتام پذیر ہوئی۔واک کے دوران شرکاء نے کشمیر کی آزادی کے حق میں نعرے لگائے اور کشمیریوں سے بھر پور یکجہتی کا اظہار کیا۔ واک کے اختتام پر مختلف شعبہء زندگی سے تعلق رکھنے والے افراد نے کشمیر یوں کی حق خود ارادیت اور بھارت کے ظلم وستم پر پُر جوش تقاریر کیں۔
یوم استحصال کشمیر کے حوالے سے ضلع اٹک کی تمام تحصیلوں میں ریلیز کا انعقاد کیا گیا جس کی قیادت منتخب سیاسی قیادت نے کی اور کشمیری عوام کے ساتھ بھر پور یکجہتی کا اظہار کیا۔











