کامیاب جوان پروگرام ملکی معاشی ترقی اور روزگار کے فروغ کا سب سے بڑا پروگرام ہے ؛وزیر مملکت فرخ حبیب

27

اسلام آباد،6اگست  (اے پی پی):وزیر مملکت برائے اطلاعات و نشریات فرخ حبیب نے کہا ہے کہ کامیاب جوان پروگرام  ملکی معاشی ترقی اور روزگار کے فروغ کا سب سے بڑا پروگرام ہے ۔

ان خیالات کا اظہار وزیر مملکت برائے اطلاعات و نشریات فرخ حبیب نے جمعہ کو وزیراعظم کے معاون خصوصی برائے امورنوجواناں عثمان ڈار کے ہمراہ  کامیاب جوان پروگرام کے ڈیش بورڈ کے اجرا پر پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کیا ۔

 فرخ حبیب نے کہا ملک کی معاشی بحالی کے لیے وزیراعظم عمران خان نے شروع کی ہے اور پاکستان میں روزگار کے مواقع پیدا کرنے کے لیے ٹھوس اقدامات کیے تاکہ ملک میں معاشی ترقی ہو اسی حوالے سے حکومت نے کامیاب جوان پروگرام شروع کیا تھا ،اس پروگرام کے ذریعے آئیڈیاز کے حامل بے وسیلہ جوانوں کو شفاف طریقے سے آسان قرضے فراہم کیے گئے ۔

اس موقع پر صحافیوں کے سوالات کے جواب دیتے ہوئے وزیر مملکت فرخ حبیب نے کہاکہ صحافیوں کی کامیاب جوان پروگرام میں شمولیت یقینی بنانے کے لیے بھی اقدامات جاری ہیں اور اس ضمن میں میکنیزم تیار کیاجارہاہے ۔کامیاب جوان پروگرام کی شرائط پر پورا اترنے والے صحافیوں کو بھی پروگرام میں شامل کیا جائے گا ۔

اس موقع پر وزیراعظم کے معاون خصوصی برائے امور نوجوانان عثمان ڈار نے کہا کہ نیشنل انفارمیشن ٹیکنالوجی بورڈ نے اس  ڈیجیٹل ڈیش بورڈ کی تیاری میں اہم کردار ادا کیا ہے جس پر  بورڈ والوں  کا شکر گزار ہوں، اس ڈیش بورڈ پر قرضوں کی فراہمی کے مطابق آن لائن تفصیلات دستیاب ہوں گی۔

 عثمان ڈار نے کہا کہ اس ڈیش بورڈ سے کامیاب جوان پروگرام کے تحت قرضوں کی فراہمی سے متعلق صوبہ اور تحصیل کی سطح پر معلومات حاصل کی جا سکتی ہیں۔ اسی طرح صنعتوں کی بنیاد پر بھی معلومات حاصل کی جا سکتی ہیں۔ اس ڈیش بورڈ سے یہ پتہ چلایاجا سکتا ہےکہ کون سے شعبے کے لئے کتنا قرضہ لیا گیا ہے۔ کامیاب جوان پروگرام کے تحت 2لاکھ کے لگ بھگ نوجوانوں کو سکالرشپ دیئے  گئے ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ کامیاب جوان پروگرام کے تحت قرضہ کے حصول کے لئے 11 لاکھ 98 ہزار 440 درخواستیں موصول ہوئی ہیں جن میں سے 18 ہزار 381 نوجوانوں کو 16.4 ارب روپے کے قرضے دیئے گئے ہیں جبکہ 28525 نوجوانوں کے لئے ملازمتوں کےنئے مواقع پیدا ہوئے ہیں۔ 6 لاکھ 63 ہزار قرضہ حاصل کرنے کی درخواستیں مسترد ہوئی ہیں۔ ان میں سے زیادہ تر درخواستیں عمر کی حد زیادہ ہونے کے باعث مسترد کی گئی ہیں جبکہ بعض درخواستیں کاروباری منصوبہ مکمل نہ ہونےکے باعث مسترد کی گئی ہیں۔ ان میں سے 8 لاکھ سے زائد درخواستیں 5 لاکھ روپے سے کم قرضے کے حصول کے لئے تھی۔انہوں نے کہا کہ ماضی میں بینکوں نے اس طرف توجہ نہیں دی اس لئے بینکوں کا مائنڈ سیٹ تبدیل کرنے کے لئے کافی محنت کرناپڑی۔

 معاون خصوصی برائے امور نوجوانان عثمان ڈار نے کہا کہ جون کے دوران 4.8 ارب روپے اور جولائی کے دوران 2 ارب روپے کے قرضے نوجوانوں میں تقسیم کئے گئے۔ اس پروگرام کے تحت نوجوانوں کو آسان شرائط پر قرض دینے کےلئے 100 ارب روپے مختص کئے گئے ہیں جو کہ 2023 تک نوجوانوں کو دیئے جائیں گے۔ اس پروگرام کے تحت قرضہ حاصل کرنے کی عمر کی حد 18 سے 45 سال ہے۔

معاون خصوصی نے کہا کہ یہ ٹیکس دہندگان کا پیسہ ہے، یہ سیاسی بنیادوں پر قرضہ دینے کےلئے استعمال نہیں کیا جاسکتا۔ یہ پروگرام شفافیت پر مبنی ہے۔ نوجوانوں میں سیاسی وابستگی سے بالا تر ہو کر قرضے تقسیم کئے جا رہے ہیں۔ سکور کارڈ کے ذریعے قرضوں کی منظوری دی جاتی ہے۔

 معاون خصوصی  نے کہا کہ جن نوجوانوں کی قرضہ کی درخواستیں مسترد ہوئی ہیں۔ اس کے لئے ریویو کمیٹی بنائی گئی ہے۔ وہ کمیٹی سے درخواست کر سکتے ہیں۔ انہوں نے کہاکہ قرضوں کی فراہمی کے لئے آئی ٹی اور زرعی شعبے پر زیادہ توجہ مرکوز رکھی ہے۔ انہوں نے کہا کہ 9 اگست سے کامیاب پاکستان پروگرام کا آغاز ہو رہا ہے۔ اس پروگرام کے تحت قرضہ حاصل کرنے والوں کے لئے عمر کی کوئی حد نہیں ہے۔ یہ پاکستانیوں کی فلاح و بہبود کا پروگرام ہے اور اس کے ذریعے پسماندہ علاقے کے عوام کو غربت سے نکالاجائے گا۔

عثمان ڈار نے کہاکہ اس پرگرام کے باعث ہمارے پاس 151 اضلاع کا بزنس انڈکس ڈیٹا موجود ہے جس کے تحت ہمیں یہ معلوم ہے کہ کسی علاقے کے لوگ کس کاروبار میں دلچسپی رکھتے ہیں۔ پسماندہ علاقوں کے نوجوانوں کو آسان شرائط پر قرضہ کی فراہمی پر توجہ مرکوز کی گئی ہے۔ کامیاب جوان ہنر مند پاکستان کے تحت 2 لاکھ نوجوانوں کو سکالرشپ کے ذریعے فنی تربیت فراہم کی گئی ہے۔ کامیاب جوان پروگرام سے نہ صرف ملازمتوں کے مواقع پیدا ہو رہے ہیں بلکہ یہ ملکی معیشت میں اہم کردار ادا کررہا ہے۔ صحافیوں اور کیبل آپریٹرز کو بھی اس پروگرام کے تحت آسان شرائط پر قرضے فراہم کئے جائیں گے۔

 انہوں نے کہا کہ کامیاب جوان پروگرام کے تحت قرضے کے حصول کے لئے اسلامی سرمایہ کاری کا نظام موجود ہے، نوجوان قابل عمل کاروباری منصوبے کے ذریعے آسان شرائط پر قرضہ حاصل کر سکتے ہیں۔