اسلام آباد۔7اگست (اے پی پی):وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات چوہدری فواد حسین نے وزارت اطلاعات و نشریات کے زیر اہتمام نیشنل ڈیجیٹل انفارمیشن پلیٹ فارم کی افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ میڈیا کی ڈیجیٹلائزیشن نہ ہونے کی وجہ سے ہم انسداد دہشت گردی کے حوالے سے اپنا موقف دنیا کے سامنے موثر انداز میں نہیں رکھ سکے ۔
انہوں نے کہا کہ دنیا میں آج بیانیہ کی جنگ لڑی جا رہی ہے، بیانیہ مضبوط ہوگا تو ہماری اہمیت ہوگی، وزیراعظم عمران خان ہمیشہ میڈیا پر توجہ دینے اور بیانیہ کو مضبوط بنانے پر زور دیتے رہے ہیں، ماضی میں وزارت اطلاعات ریاست کے بیانیہ کی بجائے حکمران پارٹی کی ترجمان تھی، ہم نے اس کلچر کو تبدیل کیا، آج وزارت اطلاعات ریاست کی ترجمان ہے، ہم نے اس کی اہمیت میں اضافہ کیا ہے، آج پی ٹی وی، ریڈیو اور اے پی پی کو ڈیجیٹل کیا جا رہا ہے، ماضی میں ہم اپنا موقف دنیا کے سامنے پیش نہیں کر سکے، ماضی میں میڈیا اداروں کی ترقی کے لئے جو سرمایہ کاری کرنی چاہئے تھی وہ نہیں کی جا سکی، افغان جنگ میں ہم نے ستر ہزار جانوں کی قربانیاں دیں لیکن ہم دنیا کو بتا ہی نہیں سکے کہ یہ جنگ کیوں ہوئی اور ہم نے کیا قربانیاں دیں، پاکستان میں میڈیا ڈیجیٹلائز نہیں تھا، سوشل میڈیا زیادہ متحرک نہیں تھا، 1964ءکے بعد آج 2021ءمیں پاکستان کے میڈیا میں سب سے بڑی ٹرانسفارمیشن ہو رہی ہے











