ملتان، 8 اگست (اے پی پی):پنجاب فوڈ اتھارٹی نے سیوریج کے پانی سے اگائی جانے والی سبزیوں کے خلاف آپریشن کا آغاز کرتے ہوئے ریلوے سٹیشن نیو ملتان میں 80 کنال سبزیوں کی چیکنگ شروع کر دی ہے۔
ڈی جی فوڈاتھارٹی رفاقت علی نسوآنہ نے کہا کہ سیوریج کے پانی سے سیراب کی گئی 32 کنال سبزیوں کا ٹریکٹر کے ذریعے خاتمہ کر دیا گیا ہے ، سیوریج کے زہریلے پانی سے پالک کی فصل کاشت کی گئی تھی۔ انہوں نے کہا کہ بیشتر سبزیوں کو ٹیوب ویل کے صاف پانی سے سیراب کیا جارہا تھا۔
ڈی جی فوڈاتھارٹی نے کہا کہ سبزیوں اور دیگر خوراک کی کاشت کے لیے ٹیوب ویل کا پانی استعمال کیا جائے، آلودہ پانی سے اگی سبزیوں میں شامل زہریلے مادے خوراک کا حصہ بن کر متعدد موزی بیماریوں کا باعث بنتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ انڈسٹریل ویسٹ اور سیوریج کے پانی سے صرف آؤٹ ڈور پلانٹس، پٹسن اور دیگر ڈیکوریشن پلانٹس اگائے جاسکتے ہیں، کھیت سے پلیٹ تک محفوظ خوراک کی فراہمی پنجاب فوڈ اتھارٹی کا اولین فریضہ ہے۔











