بہاولنگر؛شمالی وزیرستان میں شہید پاک فوج کا جوان محمد شاہد جمیل آبائی علاقے ڈونگہ بونگہ میں سپردِ خاک

40

بہاولنگر،08اگست(اے پی پی):  ماہ آزادی میں ضلع بہاولنگر کا ایک اور بہادرسپوت مادر وطن کی آزادی پر قربان ہو گیا،شمالی وزیرستان میں ملک دشمنوں کے ساتھ مقابلے میں جام شہادت نوش کرنے والے پاک فوج کے سپاہی محمد شاہد جمیل کی نماز جنازہ آبائی علاقہ ڈونگہ بونگہ میں ادا کر دی گئی، نماز جنازہ میں پاک فوج کے افسران،اہل علاقہ کی کثیر تعداد نے شرکت کی، نماز جنازہ کے بعد شہید کے جسد خاکی کوسورج گنج کے قبرستان میں مکمل فوجی اعزاز کے ساتھ سپرد خاک کیا گیا۔

اس موقع پر پاک فوج کے چاق و چوبند دستے نے شہید کو سلامی پیش کی گئی بعد ازاں شہید کی قبر پر آرمی چیف اور دیگر کی جانب سے پھولوں کی چادریں چڑھائی گئیں۔

 شہید کی نماز جنازہ تدفین کے موقع پر پرجوش مناظر نظر آئے۔فضا نعرہ تکبیر،نعرہ رسالت پاکستان زندہ باد، پاک فوج زندہ باد کے نعروں سے گونجتی رہی۔ شہید محمد شاہد جمیل کے سوگواران میں والدہ،اہلیہ،تین بھائی اور تین بہنیں شامل ہیں۔