پی ٹی آئی حکومت خواتین کویونیورسٹیوں میں زیادہ سے زیادہ سہولتیں فراہم کررہی ہے؛ وزیر توانائی پنجاب  ڈاکٹر اختر ملک

20

ملتان،9اگست  (اے پی پی):صوبائی وزیرتوانائی ڈاکٹر اختر ملک نے کہا ہے کہ آئی ٹی کی دنیا میں پاکستان ابھی بہت پیچھے ہے، ہم پاکستان کوہرشعبے میں آگے لانے کےلئے تمام ممکنہ اقدامات کررہے ہیں، پاکستان تحریک انصاف نے گزشتہ تین سالوں میں تعلیم کے شعبے میں بہت سی یونیورسٹیاں بنائی ہیں اور خواتین کو یونیورسٹیوں میں زیادہ سے زیادہ سہولیات فراہم کررہے ہیں تاکہ طالبات کو آگے بڑھنے کاموقع ملے۔

 ان خیالات کا اظہارانہوں نے ویمن یونیورسٹی ملتان میں منعقدہ انٹریونیورسٹیز پراجیکٹس نمائش کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔انہوں نے کہاکہ پنجاب حکومت کا ویژن ہے کہ ہر شہر میں اچھے ہسپتال اور یونیورسٹیاں بنائیں،قوم جب تعلیم یافتہ ہوگی تو ہی ملک ترقی کرے گا۔

 وائس چانسلر ویمن یونیورسٹی پروفیسر ڈاکٹر عظمی قریشی نے کہاکہ یونیورسٹی کوجدید تقاضوں سے ہم آہنگ کرنے کے لیے اقدامات کیے جارہے ہیں۔ یہ نمائش اسی سلسلے کی ایک کڑی ہے۔ اس نمائش میں شعبہ کمپیوٹرسائنسز اور انفارمیشن ٹیکنالوجی سے وابستہ 67یونیورسٹیوں نے حصہ لیا جن میں 85طالبات نے 35پروجیکٹ پیش کیے ہیں جس سے ثابت ہوتا ہے کہ ہمارے ملک میں ٹیلنٹ کی کمی نہیں ہے،بس طالبات کو مواقع ملنے چاہیں۔

 تقریب کے اختتام پر پوزیشن حاصل کرنے والی طالبات میں اسناد اورشیلڈ تقسیم کی گئیں۔