پاکستان اور کینیڈ اکی حکومتوں میں برادرانہ تعلقات ہیں، صوبائی وزیر سماجی بہبود و بیت المال پنجاب سید یاورعباس بخاری

75

 

اٹک، 09 اگست(اے پی پی): صوبائی وزیر سماجی بہبود و بیت المال پنجاب سید یاورعباس بخاری نے کہا ہے کہ پاکستان اور کینیڈ اکی حکومتوں میں برادرانہ تعلقات ہیں، کینیڈا کے وزیراعظم کی طرح  پاکستان کے وزیراعظم عمران خان کی بھی دنیا معترف ہے جنہوں نے اس ملک کو عالمگیر تر قی کی راہ پر ڈال دیا ہے، پاکستان محبت کرنے والے اور پر امن لوگوں کا ملک ہے، ہمیں زیادہ سے زیادہ ایسے لوگوں کی ضرورت ہے جو حکومتوں کے ساتھ سماجی بہبود کے کاموں میں سرگرمی سے حصہ لیں، وہ تحصیل حضرو کے گاؤں خورا خیل میں محمد خطاب خان آئی کیئر ہسپتال کاسنگ بنیاد رکھنے کے موقع پر خطاب کررہے تھے۔

انہوں نے پاکستان میں کینیڈا کی ہائی کمشنر مس وینڈی گلمور کے ہمراہ خطاب خان آئی کیئر ہسپتال کا سنگ بنیاد رکھا، اس موقع پر ڈپٹی کمشنر اٹک عمران حامد شیخ،ڈی پی او اٹک رانا محمد شعیب، اسسٹنٹ کمشنر زوہیب احمد انجم، صدر پی ٹی آئی اٹک قاضی احمد اکبر، سیکرٹری اطلاعات عمران خان سمیت اہلیان و معززین علا قہ بھی موجود تھے۔

صوبائی وزیر نے کہا کہ جدید ہسپتال کا سنگ بنیاد رکھنے والے کینیڈین پاکستانی نژاد بھائیوں پرویز خان اورعقیل خان کی کاوشوں کو شاندار الفاظ میں خراج تحسین پیش کیااوران کو قابل تقلید مثال قرار دیا، انہوں نے کہا کہ ان دونوں بھائیوں نے عوامی خدمت کی تاریخی رقم کی ہے اس کا سبق ہمارے پیارے رسولؐ کی اسوہ حسنہ سے ملتا ہے۔

صوبائی وزیر نے کہا کہ اٹک میں عوامی فلاح و بہبود کے بے شمارمنصوبوں پر کام جاری ہے جن میں اولین اٹک،حضرو اور گوندل میں ٹر اما سینٹرز کا قیام ہے،اس کے ساتھ یونیورسٹیاں، ہسپتال، سڑکوں کی تعمیر، سکولو ں کی اپ گر یڈ یشن اور دیگر منصوبوں پر کام جاری ہے۔

اس موقع پر کینیڈا کی ہائی کمشنر مس وینڈی گلمور نے پاکستان،اس کی عوام اورجغرافیائی خوبصورتی کی تعریف کرتے ہوئے کہا کہ کینیڈا کے وزیراعظم جسٹن ٹروڈو پاکستان کے لیے نیک خو اہشات اور جذ بات رکھتے ہیں،انہیں خورا خیل آکر خوشی ہوئی اور وہ اس علاقے کی صفائی دیکھ کر متاثر ہوئیں،پاکستان اور کینیڈا صحت،تعلیم سمیت دیگر عوامی فلا حی منصوبو ں پر کام کر رہے ہیں،ہمیں چاہیے کہ باہمی کو ششوں سے علاقے کی خوا تین کی ترقی اور اعتماد سازی پر کام کر یں۔

تقریب سے کینیڈین پاکستانی نژاد عقیل خان،پرویز خان، ڈپٹی کمشنر اٹک عمران حامد شیخ، ڈی پی او اٹک رانا محمد شعیب، صدر پی ٹی آئی اٹک قاضی احمد اکبرنے بھی خطاب کیا۔