ہم افغان امن عمل میں اہم اسٹیک ہولڈر ہیں، ‏بھارت کو سلامتی کونسل کے صدر کی حیثیت سے منفی رویہ زیب نہیں دیتا، وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی

14

اسلام آباد۔6اگست  (اے پی پی):وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی نے کہا ہے کہ افغانستان سے متعلق سلامتی کونسل اجلاس میں شرکت کیلئے پاکستان کی درخواست کو تسلیم نہیں کیا گیا،بھارت کوسلامتی کونسل کے صدرکی حیثیت سے ایسارویہ زیب نہیں دیتا۔افغانستان میں امن کیلئے عالمی برادری کو کردار اداکرنا ہوگا،پاکستان افغانستان میں کسی فوجی قبضے کے حق میں نہیں،افغانستان میں ہمارا کردار معاونت کا ہے ،ضامن کا نہیں۔افغانستان میں انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں پر تشویش ہے،پاکستان پر افغان مذاکرات کی ناکامیوں کا ملبہ ڈالنے کی کوششیں جاری ہیں سی پیک منصوبے پرکام جاری رہےگا۔پیر کو وزارت خارجہ میں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے وزیر خارجہ نے کہا کہ چھ اگست کو افغانستان کی صورتحال پر سیکورٹی کونسل کی خصوصی بریفنگ ہوئی جبکہ  آج  وزیر اعظم عمران خان نے افغانستان کی صورتحال کے حوالے سے اہم اجلاس کی صدارت کی۔انہوں نے کہا کہ ہمارے خیال میں ہمیں سلامتی کونسل کے اس اجلاس میں بلایا جانا چاہیے تھا،ہم نے اس حوالے سے باقاعدہ درخواست بھی دی لیکن اسے تسلیم نہیں کیا گیا۔رواںماہ جب سیکورٹی کونسل کی صدارت ہندوستان کو ایک ماہ کے لیے سونپی گئی تو ہم نے واضح کیا تھا کہ ہندوستان ذمہ دارانہ رویہ اپنائے،مگر سیکورٹی کونسل کی مستقل ممبرشپ کے خواہاں بھارت نے ذمہ داری کا مظاہرہ نہیں کیا۔بھارت کو سلامتی کونسل کے صدر کی حیثیت سے ایسا رویہ زیب نہیں دیتا۔وزیر خارجہ نے کہا کہ ہمارا کردار افغانستان میں معاونت کا ہے ،ہم افغانستان میں امن کے ضامن نہیں ہیں۔ہم پہلے سے کہتے آرہے ہیں کہ افغان تنازعہ کا کوئی فوجی حل نہیں،یہ تنازعہ صرف سیاسی مذاکرات سے ہی حل کیا جاسکتا ہے۔