پاکستان میں متنوع ثقافتی ورثہ موجود ہے، جوائنٹ پروڈکشنز کے شعبوں میں تعاون سے ایک دوسرے کی اقدار اور معاشرتی اصولوں کو سمجھنے میں مدد ملے گی، وفاقی وزیر اطلاعات چوہدری فواد حسین سے پاکستان میں کیوبا کے سفیر کی ملاقات

14

اسلام آباد۔9اگست  (اے پی پی):وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات چوہدری فواد حسین نے پاکستان اور کیوبا کے مابین فلم، ڈرامہ اور کو۔پروڈکشنز کے شعبوں میں مشترکہ تعاون کو فروغ دینے کی ضرورت پر زور دیتے ہوئے کہا ہے کہ پاکستان میں متنوع ثقافتی ورثہ موجود ہے جس کا کیوبا کے عوام کے ساتھ تبادلہ ہونا چاہئے۔ یہ بات انہوں نے پیر کو پاکستان میں کیوبا کے سفیر زینیئر جیویئر کیرو گونزیلز کے ساتھ ملاقات کے دوران گفتگو کرتے ہوئے کہی جنہوں نے وفاقی وزیر اطلاعات سے ان کے دفتر میں ملاقات کی۔ چوہدری فواد حسین نے کہا کہ جوائنٹ پروڈکشنز کے شعبوں میں تعاون سے ہمیں ایک دوسرے کی اقدار اور معاشرتی اصولوں کو سمجھنے میں مدد ملے گی۔ انہوں نے میڈیا، اطلاعات اور کمیونیکشن کے شعبوں میں دونوں ممالک کے درمیان تعاون کو مضبوط بنانے کی ضرورت پر بھی زور دیا۔ وفاقی وزیر اطلاعات نے کیوبا کے سفیر کو بتایا کہ وفاقی کابینہ نے ایسوسی ایٹڈ پریس آف پاکستان (اے پی پی) اور Latin Press of Cuba کے مابین خبروں کے تبادلے کے معاہدے کی منظوری دے دی ہے۔ انہوں نے کہا کہ ثقافت اور میڈیا کے شعبوں میں تعاون سے دوطرفہ تعلقات کو مزید فروغ ملے گا۔ چوہدری فواد حسین نے کہا کہ پاکستان کیوبا کے ساتھ تعلقات کو قدر کی نگاہ سے دیکھتا ہے جو باہمی اعتماد، احترام اور دیرینہ دوستی پر مبنی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ دونوں ممالک ایک دوسرے کو درپیش مسائل اور چیلنجز کو بخوبی سمجھتے ہیں۔ وفاقی وزیر اطلاعات نے کہا کہ پاکستان کیوبا کے صحافیوں کے دورہ پاکستان کا خیرمقدم کرے گا۔ دونوں ممالک کے درمیان میڈیا وفود کے تبادلوں سے ایک دوسرے کے تجربات سے سیکھنے کا موقع ملے گا۔ اس موقع پر کیوبا کے سفیر نے کیوبا کے صحافیوں کے دورہ پاکستان کے حوالے سے وفاقی وزیر اطلاعات کی تجویز کو سراہا۔ انہوں نے دونوں ممالک کے درمیان مختلف مشترکہ اقدار کو بھی اجاگر کیا اور جعلی خبروں کے مسئلہ کو حل کرنے کی ضرورت پر زور دیا۔