اسلام آباد۔11اگست (اے پی پی):صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے کہا ہے کہ پاکستان اور ترکی کے مابین دفاعی شعبے سمیت تعلقات میں مزید وسعت لانے کی ضرورت ہے،اسلام دشمنی جیسے بڑے چیلنج پر قابو پانے کیلئے عالم اسلام کو اتحاد کی ضرورت ہے،پاکستان افغانستان میں امن اور استحکام کے فروغ کیلئے مخلصانہ کردار ادا کر رہا ہے،پاکستان قبرص کے معاملے پر ترکی کی حمایت جاری رکھے گا۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے ترکی کے وزیر دفاع، جنرل (ر) خلوصی آقار سے ملاقات کے دوران کیا۔صدرمملکت ڈاکٹر عارف علوی نے کہا کہ پاکستان اور ترکی کے مابین برادرانہ تعلقات کی طویل تاریخ ہے،دونوں ممالک کے مابین دفاعی شعبے سمیت تعلقات میں مزید وسعت لانے کی ضرورت ہے، انہوں نے کہا کہ پاکستان اور ترکی بین الاقوامی امور پر ایک جیسے خیالات رکھتے ہیں،پاکستان اور ترکی کے مابین تما م عالمی فورمز پر مکمل تعاون ہے ، صدر مملکت نے کہا کہ اسلامی دنیا کو مختلف مسائل اور گھمبیر حالات کا سامنا ہے، اسلام دشمنی جیسے بڑے چیلنج پر قابو پانے کیلئے عالم اسلام کو اتحاد کی ضرورت ہے، پاکستان افغانستان میں طویل جنگ سے شدید متاثر ہوا،انہوں نے کہا کہ افغانستان میں قیام ِ امن کا سب سے زیادہ فائدہ پاکستان کو پہنچے گا۔پاکستان افغانستان میں امن اور استحکام کے فروغ کیلئے مخلصانہ کردار ادا کر رہا ہے۔پاکستان قبرص کے معاملے پر ترکی کی حمایت جاری رکھے گا،صدر مملکت نے کشمیر اور ایف اے ٹی ایف میں پاکستان کی حمایت پر ترکی کا شکریہ ادا کیا۔ترک وزیر دفاع نے ترک صدر ، رجب طیب اردوان ، کی جانب سے صدر عارف علوی کو ترکی کے دورے کا دعوت نامہ پیش کیا۔ترک وزیر دفاع خلوصی آ قار نے کہا کہ دونوں برادر ممالک کو باہمی مفاد کے امور پر مشترکہ کاوشیں جاری رکھنے کی ضرورت ہے،ترکی تنازعہ جموں و کشمیر پر پاکستان کی حمایت جاری رکھے گا، انہوں نے کہا کہ دونوں ممالک کے درمیان فوجی تربیت سمیت دیگر دفاعی شعبوں میں تعاون بڑھانے کی ضرورت ہے۔











