کورونا کے پھیلاؤ کو روکنے کے لیے ایس او پیز پر عملدرآمد اور ویکسینیشن کو یقینی بنانا ہے، کمشنر راولپنڈی گلزار حسین شاہ کی کورونا صورتحال کے حوالے سے گفتگو

39

اسلام آباد۔11اگست  (اے پی پی):کمشنر راولپنڈی گلزار حسین شاہ نے راولپنڈی میں کورونا کے بڑھتے کیسز پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے ایس اوپیز کی خلاف ورزی کرنیوالوں کیخلاف سخت کارروائی کی ہدایت کی ہے ۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے ڈپٹی کمشنرز، اسسٹنٹ کمشنرز و دیگر اعلیٰ حکام کی میٹنگ کے دوران کیا ۔میٹنگ میں نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر (این سی اوسی ) کی ٹیم نے بھی شرکت کی ، این سی اوسی ٹیم نے شہر میں کورونا کے پھیلائو اور اس کی روک تھام کے لیے اٹھائے گئے ایمرجنسی اقدامات سے متعلق آگاہ کیا ۔ انہوں نے بتایا کہ صورتحال دن بدن خطرناک ہورہی ہے اور اس کے لیے ہمیں جنگی اقدامات اٹھانے ہوں گے ۔ انہوں نے عوام، سول سوسائٹی اور میڈیا سے زور دیتے ہوئے کہا کہ بگڑتی صورتحال کو کنٹرول کرنے کیلئے وہ تعاون کریں ۔ کمشنر کو راولپنڈی میں ایس اوپیز کی خلاف ورزی پر دکانوں کے سیل اور جرمانوں سے متعلق آگاہ کیا گیا ، انہیں راولپنڈی میں لاک ڈائون ایریاز سے متعلق بھی بتایا گیا ور اس دوران راولپنڈی اور اسلام آباد شہر کا بھی موازنہ کیا گیا ۔ کمشنر راولپنڈی نے شہر کے دو سے تین سو ایریاز جہاں پر کورونا کیسز کی شرح زیادہ ہے میں لاک ڈائون لگانے کی ہدایت کی ہے ۔ انہوں نے کہا کہ راولپنڈی میں کورونا کیسز عید الاضحی پر عوام کی جانب سے ایس اوپیز کی سنگین خلاف ورزی کی وجہ سے بڑھنے شروع ہوئے ۔ اس موقع پر کمشنر کو بریف کرتے ہوئے حکام نے بتایا کہ عوام کیلئے آگاہی مہم تیز کر دی گئی ہے اور ایس اوپیز پر عملدرآمد کیلئے روزانہ کی بنیاد پر مانیٹر کیا جارہا ہے ۔ بعد ازاں این سی اوسی کی ٹیم نے اسسٹنٹ کمشنر راولپنڈی کے ہمراہ راولپنڈی شہر کے مختلف علاقوں جن  میں بنی چوک ، کمرشل مارکیٹ ، مری روڈ ، رابی سنٹر کا دورہ کرتے ہوئے ایس اوپیز پر عملدرآمد کا جائزہ لیا ، اس دورہ کے دوران اسسٹنٹ کمشنر نے این سی اوسی کی جانب سے جاری گائیڈ لائنز پر عملدرآمد نہ کرنیوالی متعدد دکانوں کو سیل اور جرمانے کیے ۔ اے سی نے دکانداروں کو واضح کیا کہ ایس اوپیز کی خلاف ورزی ہرگز برداشت نہیں کی جائے گی ۔ انہوں نے کہا کہ ایس اوپیز پر مکمل عمل درآمد سے ہی عوام کو اس وباء سے بچایا جاسکتا ہے ۔ حکومتی ہدایات نہ ماننے پر کچھ دکانوں کو موقع پر جرمانے اور سیل کر دیا گیا ۔ اے سی نے این سی اوسی کی ہدایات پر شہر میں مکمل عملدرآمد کو یقینی بنانے کی یقین دہانی کرائی ۔