فیصل آباد ؛وفاقی وزیر مملکت برائے اطلاعات و نشریات نے یوم آزادی کے موقع پر لوگوں میں مفت پودے تقسیم کیے

38

فیصل آباد،14  اگست   (اے پی پی):  وفاقی وزیر مملکت برائے اطلاعات و نشریات فرخ حبیب نے آج ضلع کونسل چوک میں پارک اینڈ ہارٹیکلچر اتھارٹی کے زیر اہتمام یوم آزادی کے موقع پر لوگوں میں مفت پودے تقسیم کیے۔

اس موقع پر اے پی پی سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ پی ایچ اے فیصل آباد کے تحت ہزاروں کی تعداد میں پودے لگا چکے ہیں۔ آج چودہ اگست یوم آزادی کو بھی پودے لگانے کی مہم کے ساتھ منسلک کیا ہے۔ اس لئے آج لوگوں میں مفت پودے تقسیم کیے جارے ہیں تاکہ لوگ حکومت کی شجر کاری مہم میں زیادہ سے زیادہ حصہ لیں۔

 وفاقی وزیر مملکت برائے اطلاعات و نشریات فرخ حبیب نے کہا کہ وزیر اعظم عمران خان نے ملک میں 10بلین درخت لگانے کا مشن دیا ہے جس پر پوری قوم نے لبیک کہا اور اس پروگرام کے تحت اب تک پاکستان میں ایک ارب درخت لگائے جا چکے ہیں جبکہ بقیہ ٹارگٹ پورا کرنے کیلئے تیزی سے کام جاری ہے۔

 انہوں نے کہا کہ عالمی سربراہوں نے ماحولیاتی تبدیلی کے حوالے سے وزیر اعظم عمران خان کے وژن کو بہت سراہا اوراس سبب سے یواین کے عالمی ماحولیاتی دن کی میزبانی بھی پاکستان کو سونپی گئی۔ انہوں نے کہا کہ وزیر اعظم عمران خان کلائمیٹ چینج پر کام کرنے کے حوالے سے ایک عالمی لیڈر کے طور پر سامنے آئے ہیں، اس لئے ورلڈ اکنامک فورم سمیت تمام بین الاقوامی ادارے پاکستان کی کوششوں کو سراہ رہے ہیں۔

 فرخ حبیب نے کہا کہ یواین نے ریڈ وارننگ جاری کی ہے کہ آئندہ دس سالوں کے اندر گلوبل وارمنگ میں بے تحاشا اضافہ ہوجائے گا۔ ا نہوں نے کہا کہ دس ارب درخت لگانے کی مہم کی وزیر اعظم عمران خان خود نگرانی اور راہنمائی کررہے ہیں جبکہ پاکستانی قوم اس کام کواپنی ایک قومی اور بین الاقوامی ذمہ داری سمجھ کر شجرکاری مہم میں شامل ہوئے ہیں اور اب یہ مہم ایک باقاعدہ تحریک کی شکل اختیار کرچکی ہے کیونکہ پاکستان کا ہر شہری شجر کاری مہم کا حصہ بن چکا ہے کیونکہ وہ یہ سمجھتا ہے کہ نہ صرف ملک پاکستان کوسرسبزو شاداب بنانا ہے بلکہ اپنے سیارہ زمین کو بھی گلوبل وارمنگ سے بچانا اور اسے رہنے کے قابل بنانا ہے۔

اس موقع پر چیئرمین این اے سٹینڈنگ کمیٹی برائے اقتصادی امور فیض اللہ کموکہ، ایم این اے خرم شہزاد، ایم پی اے چوہدری لطیف نذر، ایم پی اے میاں وارث عزیز، ایم پی اے فردوس رائے، ڈویژنل کمشنر ثاقب منان، ڈپٹی کمشنر محمد علی اور ڈائریکٹر جنرل پی ایچ اے عاصمہ اعجاز چیمہ نے بھی لوگوں میں مفت پودے تقسیم کئے۔