فیصل آباد، 14 اگست (اے پی پی): وزیر مملکت اطلاعات و نشریات فرخ حبیب نے کہا کہ پاکستان ہمارے بزرگوں اور تحریک آزادی کی جدوجہد میں بے شمار قربانیاں دینے سمیت شہدا و غازیوں کی لازوال کاوشوں کا ثمر ہے جبکہ اللہ نے ہمارے ملک کو دنیا کی ہر نعمت سے نوازا ہے اور اس ایٹمی ملک کے پاس کے ٹو سمیت دنیا کی بلند ترین چوٹیاں،کوسٹل،کھیت کھلیان،ہریالی و میدان اور بہترین لوگ موجود ہیں نیزپاکستان کا دفاع ناقابل تسخیر اور مضبوط ہاتھوں میں ہے۔
ان خیالا ت کا اظہار انہوں نے کمشنرز کمپلیکس کے لان میں یوم آزادی پاکستان کے موقع پرشاندار و پروقارمرکزی تقریب سے خطاب میں کیا۔انہوں نے کہا کہ ریاست مدینہ کی طرز پر فلاحی ریاست کا قیام دراصل قائد اعظم کی تعلیمات و فرمودات کا ہی تسلسل ہے، اسلئے ہم پاکستان کی سا لمیت، ترقی و خوشحالی،کمزور طبقے کی معاونت،فلاحی ریاست کے قیام اور سبز ہلالی پرچم کی سربلندی کیلئے کوئی کسر اٹھا نہ رکھیں گے جس کے ساتھ ساتھ کشمیر کی آزادی تک ان کی سفارتی، قانونی، اخلاقی وانسانی اور ہر طرح کی حمایت و مدد جاری رکھی جائے گی۔انہوں نے کہا کہ 650 کلومیٹر کوسٹل ہمارے ملک کا سرمایہ ہے اور یہاں ہر ہر شعبہ میں بہترین صلاحیتوں سے مالا مال لوگ موجود ہیں۔
وزیر مملکت نے کہا کہ دنیا بھر کے مختلف ممالک میں موجود ہمارے 90 لاکھ پاکستانی بھائی ہمارا قیمتی اثاثہ ہیں جنہیں نہ صرف ہر وقت ملک و قوم کی فکر رہتی ہے بلکہ وہ پاکستان کی تعمیر و ترقی میں بڑھ چڑھ کر حصہ لیتے ہوئے زیادہ سے زیادہ سرمایہ پاکستان بھیج رہے ہیں جس سے ہمارے زرمبادلہ کے ذخائر میں بھی اضافہ ہورہا ہے جس کی وجہ ان کا موجودہ حکومت پر غیر متزلزل اعتماد ہے۔انہوں نے کہا کہ ہمیں بابائے قوم قائداعظم محمد علی جناح کے ایمان، اتحاد، تنظیم،یقین محکم کے پیغام کو لیکر آگے بڑھنا ہے اور دراصل یہی وہ فلسفہ ہے جسے وزیراعظم ریاست مدینہ کی طرز پر ملک کو فلاحی ریاست بنانے کیلئے لیکر آگے بڑھ رہے ہیں۔
وزیر مملکت اطلاعات و نشریات نے کہا کہ آج کے دن ہمیں تجدید عہد کرنا ہے کہ ہم برابری کی بنیادپر کمزور طبقے کی حمایت،عدل و انساف پر مبنی معاشرے کی تشکیل،پاکستان کی سالمیت،ملکی تعمیر و ترقی و خوشحالی اور سبز ہلالی پرچم کی سربلندی کیلئے جدوجہد جاری رکھتے ہوئے اسے حقیقی معنوں میں قائداعظم کا وہ پاکستان بنا کر دم لیں گے جس کا خواب انہوں نے دیکھا تھا۔انہوں نے کہا کہ ہم سب کو مل کراپنے آزاد وطن کی خاطر مثبت کردارادا کرنا ہوگا۔
فرخ حبیب نے کہا کہ یوم آزادی پاکستان کے موقع پر ہم اپنے ان 80لاکھ کشمیری بھائیوں کو نہیں بھول سکتے جنہیں آر ایس ایس کی سوچ کے حامل مودی نے 8 لاکھ سے زائد فوج کے ذریعے یرغمال بنا رکھا ہے۔انہوں نے کہا کہ برہان الدین وانی جیسے نوجوان کشمیریوں کی قربانیاں رائیگاں نہیں جائیں گی اور انشااللہ کشمیر جلد آزاد ہوکر رہے گا۔انہوں نے کہا کہ آزادی کی نعمت کی قدر و قیمت محصور نہتے مظلوم و معصوم کشمیریوں اور فلسطینیوں سے پوچھی جائے جو مسلسل اپنی بقا کی جنگ میں مصروف ہیں۔انہوں نے کہا کہ آج کے دن ہم ان کے ساتھ مکمل یکجہتی کا اظہار کرتے ہوئے انہیں اپنے ہر ممکن تعاون کا بھی یقین دلاتے ہیں۔وزیر مملکت اطلاعات و نشریات نے کہا کہ وہ وقت دور نہیں جب کشمیری مائیں، بہنیں، بیٹیاں، بچے، نوجوان، بزرگ سب پاکستان کی طرح آزادفضا میں سانس لے رہے ہوں گے۔
فرخ حبیب نے کہا کہ وطن عزیز کا دفاع انتہائی مضبوط اور ذمہ دار ہاتھوں میں ہے اسلئے اگر کسی نے کوئی ایڈونچر کرنے کی کوشش کی یا پاکستان کی طرف میلی آنکھ سے دیکھا تو اسے ایسا دندان شکن جواب دیا جا ئے گا کہ دشمن کی نسلیں یاد رکھیں گی۔انہوں نے کہا کہ جس طرح ابی نندن کے جہاز سمیت بھارت کے دو طیارے گراکر ہماری ایئر فورس کے شاہینوں نے اپنی شاندار روایات کو برقرار رکھا اسی طرح ہماری بحری، بری و فضائی افواج آئندہ بھی ہر قسم کے ایڈونچر کا منہ توڑ جواب دینے کی مکمل صلاحیت رکھتی ہیں۔انہوں نے کہا کہ پاکستان کی سالمیت کو کمزور کرنیوالوں کا سد باب کرنا ہمیں اچھی طرح آتا ہے اور اس کا ہمارے دشمنوں سمیت عالم اقوام کو بھی اچھی طرح ادراک ہے۔
وزیر مملکت فر خ حبیب نے کہا کہ جس طرح ماضی میں ہمارے بہادر فوجی جوانوں نے قوم کا سر فخر سے بلند رکھا اسی طرح وہ آئندہ بھی قوم کو مایوس نہیں کریں گے جبکہ ہم اور پوری قوم بھی ان کے شانہ بشانہ کھڑی ہے۔انہوں نے کہا کہ ہم قوم کا سر کبھی جھکنے نہیں دیں گے۔اس موقع پر فرخ حبیب نے ایک نظم جب اپنا قافلہ عزم و یقین سے نکلے گا کے اشعار بھی سنائے۔انہوں نے اقلیتوں کا زکر کرتے ہوئے کہا کہ سبز ہلالی پرچم کا سفید حصہ اقلیتوں کی نشاندہی کرتا ہے اور بتاتا ہے کہ پاکستان میں بسنے والی اقلیتوں کو نہ صرف مکمل احترام بلکہ تمام بنیادی حقوق بھی حاصل ہیں اسی لئے وہ بھی ملکی سا لمیت اور قومی ترقی میں اپنا مثبت کردار ادا کر رہے ہیں۔انہوں نے کہا کہ یوم آزادی پاکستان کشمیریوں سے اظہار یکجہتی اور بھرپور ملی جوش وجذبے اور اس عہد کی تجدید کے ساتھ منایا جارہا ہے کہ پاکستان کوسر سبز و شاداب، خوشحال و مستحکم بنانے کیلئے کوئی کسر اٹھا نہ رکھی جائے گی۔انہوں نے کہا کہ پاکستان کا مستقبل روشن ہے تاہم ضرورت اس امر کی ہے کہ اپنے اپنے شعبوں میں خلوص نیت سے کام کریں، نظم و ضبط برقرار اور ایثار کے جذبات کو پروان چڑھائیں تاکہ حقیقی معنوں میں قائداور اقبال کے تصورات کے مقاصد ہوسکیں۔فرخ حبیب نے یوم آزادی پاکستان پر قوم کو مبارکباد پیش کرتے ہوئے کہا کہ آزادی کا دن منانے کا مقصد قومی یکجہتی کو فروغ اور وطن کی بے لوث خدمت کے عزم کو مزید پختہ بنانا ہے جبکہ اس موقع پر انہوں نے شہریوں کو کورونا ایس او پیز پر سختی سے عملدرآمد جاری رکھنے کی بھی تلقین کی۔آخر میں انہوں نے یکجان و یک زبان ہوکر پاکستان زندہ باد، پاکستان پائندہ باد کے فلک شگاف نعرے بھی لگوائے۔
اس موقع پر کمشنر فیصل آباد ثاقب منان نے کہا کہ وطن عزیز کے تحفظ اور لوگوں کی جان و مال کی حفاظت کے سلسلہ میں جانوں کا نذرانہ پیش کرنے والے شہداکو کبھی فراموش نہیں کیا جاسکتا۔انہوں نے یوم آزادی کی مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ یوم آزادی مناتے وقت ہمیں بھرپور محنت سے انسانیت اورملک کی خدمت کے عزم کا اعادہ کرنا ہوگا۔
ڈپٹی کمشنرمحمد علی اور سی پی اوسہیل چوہدری نے کہا کہ آزادی بہت بڑی نعمت ہے جس کی قدر کرنی چاہیے۔انہوں نے مقبوضہ کشمیر میں بھارتی جارحیت کی شدید مذمت کی اور کہا کہ کشمیر کی آزادی تک کشمیریوں کے ساتھ کھڑے ہیں۔
ارکان اسمبلی نے اہل وطن کو یوم آزادی کی مبارکباد دی اور کہا کہ بانی پاکستان قائداعظم محمد علی جناح کی ولولہ انگیز قیادت میں ہمارے بزرگوں نے ہمیں آزاد ملک حاصل کرکے دیا اب ہماری ذمہ داری ہے کہ وطن عزیز کو خوشحال و ترقی یافتہ بنانے کیلئے کسی قربانی سے دریغ نہ کریں۔
تقریب کے آخر میں ملک و قوم کی ترقی و خوشحالی، قومی یکجہتی اور کشمیر کی آزادی کی دعا اور انتظامیہ کی طرف سے تقریب کے شرکا میں مٹھائی تقسیم کی گئی۔
دریں اثنا یوم ۱ٓزادی پاکستان کی مقدس صبح کا آغاز نماز فجر کے بعد مساجد میں وطن عزیز کی سلامتی بقا اور ترقی و خوشحالی اور امن و سلامتی اور مقبوضہ کشمیر کی آزادی کی دعاؤں سے ہوا۔یوم ۱ٓزادی پاکستان کے موقع پرضلعی انتظامیہ اور دیگر اداروں و تنظیموں کی جانب سے شہر کی تمام شاہراہوں،چوکوں اور عوامی مقامات پر سرسبز ہلالی پرچموں،قائداعظم،علامہ اقبال،تحریک پاکستان اور دیگر شعبوں میں کارہائے نمایاں انجام دینے والی ممتاز شخصیات،شہدااور افواج پاکستان کی تصاویر،بینرز اورپاکستان و کشمیر کے جھنڈے بھی آویزاں کئے گئے۔