ملتان، 14 اگست (اے پی پی ): یوم آزادی کے موقع پر ڈی آئی جی آفس موٹروے سینٹرل ٹو میں جشن آزادی کے سلسلے میں تقریب کا اہتمام کیا گیا ، تقریب میں پرچم کشائی بھی کی گئی۔ دن کا آغاز پرچم کشائی کی تقریب سے ہوا جبکہ موٹروے پولیس کے چاق و چوبند دستے نے قومی پرچم کو سلامی دی ۔ 75 ویں یوم آزادی کے پر مسرت موقع پر کیک بھی کاٹا گیا ۔
تقریب سے خطاب میں مقررین کا کہنا تھا کہ قانون کی پاسداری مہذب قوموں کا شیوہ ہے۔ 14اگست آزادی کے تجدید عہد کا دن ہے۔
جشن آزادی کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے سیکٹر کمانڈر ایم فائیو سیکٹر ون رانا سرفراز احمد نے کہا قانون کی پاسداری مہذب قوموں کا شیوہ ہے ۔ قائد اعظم محمد علی جناح کے فرمودات پر عمل پیرا ہوکر ملک و ملت کی ترقی میں اپنا کردار ادا کرنا ہے۔
اس موقع پر علمی و ادبی شخصیات میں سے ریجنل ڈائریکٹر پاک ترک سکول حسن طالع نے کہا کہ ترک قوم کی پاکستان سےگہری مذہبی، روحانی وابستگی اقوام عالم میں کسی سے ڈھکی چھپی نہیں ہے آزادی کے اس عظیم موقع پر ہم ترک قوم کی طرف سے تمام پاکستانیوں کو آزادی کی مبارک باد پیش کرتے ہیں ۔
ڈی آئی جی مسرور عالم کلاچی کی ہدایت پر اسٹاف آفیسر محمد عابد مرزا نے اسکول کے بچوں کو روڈ سیفٹی ٹپس دیں بچوں نے ملی نغمے گائے۔
آزادی کے حوالے سے ڈرائنگ اور پینٹنگ کے مقابلے میں حصہ لیا۔
تقریب کے اختتام پر بچوں میں انعامات تقسیم کیے گئے تمام شرکاء کو روڈ سیفٹی سٹال کا وزٹ کرایا اور موٹروے پولیس کے کام کرنے کے طریقہ کار کے بارے میں آگاہی دی۔
تقریب کے اختتام پر پاکستان کی سالمیت کشمیر و فلسطین کی آزادی اور شہداء کے درجات کی بلندی کے لئے دعا کرائی۔