فیصل آباد ؛ تحصیل جڑانوالہ میں یوم آزادی شایان شان طریقے سے منایا گیا

72

فیصل آباد  ،14  اگست  (اے پی پی):پاکستان کی سب سے بڑی تحصیل جڑانوالہ ضلع فیصل آبادمیں یوم آزادی کا شایان شان طریقہ  سے انعقادکیا گیا اورپرچم کشائی و کیک کاٹنے کی تقریبات بھی منعقد کی گئیں جبکہ ملک وقوم کی سلامتی اور امت مسلمہ کے اتحاد کیلئے خصوصی دعائیں بھی مانگی گئیں۔

صوبائی  وزیر پبلک پراسیکیوشن چوہدری ظہیر الدین،ایم این اے ملک نواب شیر وسیر اور اسسٹنٹ کمشنر محمد زبیر نے پرچم کشائی کی جبکہ قومی ترانہ پرپولیس کے چاک و چوبند دستے نے گارڈ آف آنر پیش کیا۔

یوم آزادی کی  تقریب سنٹر آف ایکسی لنس ہال میں منعقد کی گئی جہاں ملک اور افواج پاکستان کی محبت میں مختلف سکولوں سے آئے بچوں نے ٹیبلو پیش کر کے وطن عزیزسے محبت کا اظہار کیا۔

اس موقع پر ملک نواب شیر وسیراور چودھری ظہیر الدین نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان قائد اعظم محمد علی جناح کی انتھک کوششوں کا نتیجہ ہے کہ آج ہم آزاد فضا میں سانس لے رہے ہیں۔انہوں نے کہا کہ پاکستان کی سالمیت و بقا کیلئے ہم سب کو مل کر اپنا اہم کردار ادا کرنا چاہیے۔انہوں نے کہا کہ پاکستان بنانے کیلئے ہمارے آباؤ اجداد نے جانوں کے جو نذرانے پیش کئے ان کو فراموش نہیں کیا جا سکتا۔انہوں نے کہا کہ کشمیر پاکستان کی شہ رگ ہے جس کی آزادی کی جدوجہد کی بھرپور حمایت کی جائے گی۔

انہوں نے کہاکہ آج پوری قوم کو تجدید عہد کرنا چاہیے کہ ہم پاکستان کی حفاظت کیلئے اپنی جانوں کا نذرانہ پیش کرنے سے دریغ نہیں کریں گے۔انہوں نے کہا کہ کشمیر ہمارے جسم کا حصہ ہے اور آج کے دن کشمیریوں کو یقین دلاتے ہیں کہ ہمارا دل اور دھڑکن آپ کے ساتھ ہے اور کشمیر کی آزادی کیلئے ہم کسی طرح کی قربانی دینے سے دریغ نہیں کریں گے۔

بعد ازاں کشمیریوں سے اظہار یکجہتی کیلئے شرکا نے ریلی نکالی اورشہریوں کی کثیر تعداد نے کشمیریوں سے اظہار یکجہتی کیا۔اس موقع پر کشمیر بنے گا پاکستان کے نعروں سے پنڈال گونج اٹھا۔تقریب میں مختلف سکولز و کالجز کے بچوں نے ملی نغمے،تقاریر و خاکے پیش کرکے وطن سے اپنی محبت کا اظہار کیا ہے۔ صوبائی وزیر ظہیر الدین خان نے سنٹرآف ایکسی لنس سکول کے سبزہ زار میں پودا لگایا اور سرکاری ہسپتال و حوالاتیوں میں مٹھائی تقسیم کی۔

 قبل ازیں تحصیل ہیڈ کوارٹر ہسپتال میں کیک کاٹنے کی تقریب ہوئی جس میں محکمہ صحت کے افسران و ملازمین نے شرکت کی۔تقریب کے مہمان خصوصی چیئرمین سٹینڈنگ کمیٹی ملک نواب شیر وسیر اور صوبائی وزیر پبلک پراسیکیوشن چوہدری ظہیر الدین تھے

اس سلسلے میں مرکزی تقریب میونسپل کمیٹی جڑانوالہ کے سبزہ زار میں منعقد کی گئی جس میں صوبائی وزیر پبلک پراسیکیوشن چوہدری ظہیر الدین خان اور ایم این اے ملک نواب شیر وسیر و دیگر افسران سمیت پنجاب پولیس اور ریسکیو کے جوان بھی تقریب میں شریک تھے۔