اٹک: یوم آزادی کے حوالے سے پرچم کشائی کی مرکزی تقریب تحصیل کو نسل ہال میں منعقد

14

اٹک، 14اگست (اے پی پی):  ملک بھر کی طرح پاکستان کے یوم آزادی کے حوالے سے پرچم کشائی کی مرکزی تقریب تحصیل کو نسل ہال اٹک میں منعقد ہوئی۔مقررہ وقت کے مطابق تحصیل کونسل کے سبزہ زار میں معزز مہمان نے پرچم کشائی کی۔

تقریب سے خطاب کرتے ہوئے چیئرمین پبلک اکاؤنٹس کمیٹی پنجاب سید یاور عباس بخاری نے کہا کہ پاکستان ایک عظیم مملکت ہے جو قائداعظم اور ان کے رفقاء کی انتھک کوششوں کا ثمرہے۔یہ ملک بے شمار اور لازوال قربانیوں کے بعد حاصل کیا گیا ہے۔اس وقت ضرورت اس امر کی ہے کہ ہم اس عظیم مملکت کی تر قی کے لیے اپنا تن من دھن وقف کر دیں اور بے لوث خدمت کے لیے ہمہ وقت تیار رہیں۔

سید یاور عباس بخاری نے کہا کہ آج پاکستان کے یوم آزادی کے سلسلے میں ہم یہ عہد کر تے ہیں کہ ہم اس ملک سے ہر قسم کی برائی کا خاتمہ کر یں گے اور اسکو ایک عظیم مملکت بنائیں گے۔

 انہوں نے خطاب کر تے ہوئے کہا کہ مملکت خداداد پاکستان بے شمار قر بانیوں کے بعد حاصل کیا گیا ہے،اس لیے تمام پاکستانی عوام اس عظیم مملکت کی تعمیرو تر قی کے لیے بھرپور کردار ادا کریں،قانون کا احترام کریں،معاشرے میں رواداری اور ایثار کو فروغ دیں تاکہ یہ ملک دنیا کے نقشے پر ایک عظیم اور ترقی یافتہ ملک کے طور پر ابھرے۔انہوں نے کہا کہ ہم مصیبت کی اس گھڑی میں کشمیری عوام کے ساتھ ہیں۔ہمار ے دل ان کے ساتھ دھڑکتے ہیں اور ہم ہر سطع پر ان کی حمایت جاری رکھیں گے۔

اس موقع پر مختلف سکولوں کے طلباء و طالبات نے تقاریر پیش کیں اور حاضرین سے بے پناہ داد وصول کی۔

 تقریب سے ڈی سی اٹک اور ڈاکٹر سید فیاض بخاری نے بھی خطاب کیا۔

 بعدازاں چیئر مین پبلک اکاؤنٹس کمیٹی پنجاب سید یاور عباس بخاری نے ڈی سی اٹک کے ہمراہ ٹریڈ یونین، ڈسٹر کٹ جیل اٹک، پائلٹ سکول کی جشن آزادی کی سادہ تقریبات میں شر کت کی۔

ضلع بھر میں بھی یوم آزادی کے سلسلے میں پر وقار تقاریب منعقد کی گئیں جس میں شہریوں کی بڑی تعداد نے شر کت کی۔

اس موقع پر مہمان خصوصی چیئرمین پبلک اکاؤنٹس سمیت کمیٹی پنجاب سید یاور عباس بخاری  سڈپٹی کمشنر اٹک ڈاکٹر عمران حامد شیخ، اے ڈی سی ایف اینڈ پی مرضیہ سلیم، اے ڈی سی آر شہر یار عارف، ڈاکٹرسید فیاض بخاری، سی ای او ایجوکیشن ملک محسن عباس، ضلع بھر کے افسران ، مختلف شعبہء زندگی سے تعلق رکھنے والے افراد موجود تھے۔