اللہ کا بڑا فضل و انعام ہے کہ آج ہم آزاد فضاؤں میں سانس لے رہے ہیں؛ ڈپٹی کمشنر نبیلہ عرفان

31

نارووال،14 اگست( اے پی پی): ڈپٹی کمشنر نبیلہ عرفان نے کہا ہے کہ  آزادی ایک انمول نعمت ہے، یہ اللہ کا  بڑا فضل و انعام ہے کہ آج ہم آزاد فضاؤں میں سانس لے رہے ہیں، علامہ محمد اقبال کے خواب کی تعبیر میں آزاد وطن کے حصول کیلئے  قائد اعظم محمد علی جناح کی قیادت میں مسلمانان برصغیر نے بے شمار قربانیاں پیش کیں جس کے نتیجے میں دنیا کے نقشے پر پاکستان معرض وجود میں آیا، اب ہمارا یہ فرض ہے کہ اس وطن کی آزادی کی حفاظت کریں اور اس کی ترقی و خوشحالی کیلئے خلوص نیت سے اپنے حصے کا کردار ادا کریں۔

 ان خیالات کا اظہار ڈپٹی کمشنر نبیلہ عرفان  نے  پی ٹی آئی رہنما کرنل (ر)جاوید صفدر اور حافظ ذوالفقار مہیس کے ہمراہ ڈپٹی کمشنر آفس میں جشن آزادی کے سلسلہ میں پرچم کشائی کے موقع پر کرتے ہوئے کیا- ڈپٹی کمشنر نبیلہ عرفان نے کہا کہ آج ہم بانی پاکستان حضرت قائد اعظمؒ، مصور پاکستان حضرت علامہ اقبالؒ اور تحریک پاکستان کے دیگر اکابر رہنماؤں اورکارکنوں کی عظیم جدوجہد اور اس مادر وطن کے حصول کیلئے اپنی جانوں کا نذرانہ پیش کرنے والوں کو خراج عقیدت اورسلام پیش کرتے ہوئے اس عزم کی تجدید کرتے ہیں کہ فرائض کی ایمانداری سے ادائیگی  کے ذریعہ اس ملک کو حقیقی اسلامی فلاحی ریاست بنانے میں اپنا کرداراداکریں گے۔

ڈی پی او سید اکبر علی شاہ،ایڈیشنل ڈپٹی کمشنرزمحمد حنیف،عائشہ غضنفر، عمر فاروق وڑائچ،اسسٹنٹ کمشنرز عثمان اکرم، عثمان سکندر،محمد اکرم،ڈسٹرکٹ سول ڈیفنس آفیسر عاصم ریاض واہلہ،ڈی او ایمر جنسی عدنان نواز اس موقع پر موجود تھے۔