گھوٹکی،14 اگست (اے پی پی ): ضلعی انتظامیہ گھوٹکی کی جانب سے یوم آزادی کے موقع پر سرکٹ ہائوس میرپور ماتھیلو میں پرچم کشائی کی پروقار تقریب منعقد کی گئی، جس میں ڈپٹی کمشنر گھوٹکی محمد عثمان عبدﷲ اور ایس ایس پی عمر طفیل سمیت اسسٹنٹ کمشنرز اور مختلف مکتبہ فکر کے لوگوں نے شرکت کی۔ تقریب کے دوران ڈپٹی کمشنر اور ایس ایس پی نے قومی ترانے کی گونج میں پرچم کشائی کرکے ملکی سالمیت و امن و امان کے لئے دعا کی اور پولیس کے جوانوں نے سلامی بھی پیش کی جبکہ سرکٹ ہائوس کے احاطے میں درخت بھی لگائے گئے۔
اس موقع پر ڈپٹی کمشنر نے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ملک دشمن عناصر کے خلاف پوری قوم متحد ہے اس لئے شرپسندوں کے ناپاک ارادے مٹی میں مل جائیں گے، ہم ملک و قوم کی حفاظت کے لئے کسی بھی قربانی سے گریز نہیں کریں گے۔ انہوں نے کہا کہ ہم خوش قسمت قوم ہیں کہ ہمارے پاس اپنا ایک آزاد وطن ہے اس لئے ہم سب کو وطن عزیز کی خدمت کرنی چاہیے۔
ایس ایس پی عمر طفیل نے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ نوجوانوں کو تعلیم کے میدان میں آگے آکر ملک و قوم کا نام روشن کرنا چاہیے، متحد ہوکر مشترکہ دشمن کو شکست دیں گے۔
تقریب میں پاک آرمی کے افسران و جوانوں سمیت ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر شاہد علی شاہ، اسسٹنٹ کمشنر ڈہرکی رضوان نظیر، اسسٹنٹ کمشنر گھوٹکی اعجاز ہالیپوٹو، اسسٹنٹ کمشنر میرپور ماتھیلو شہریار قمر، اسسٹنٹ کمشنر اوباوڑو آصف علی جونیجو اور ڈویزنل فاریسٹ آفیسر عامر علی شاہ سمیت تحصیلداروں نے شرکت کی۔
بعد ازیں ڈپٹی کمشنر کی ہدایت پر اسسٹنٹ کمشنر اعجاز ہالیپوٹو نے ڈسٹرکٹ جیل پہنچ کر قیدیوں کے مسائل معلوم کئے اور تحائف بھی دئے جبکہ اسسٹنٹ کمشنر اوباڑو محمد آصف جونیجو نے شہید اہلکاروں کے اہل خانہ سے ملاقات کی اور ان میں تحائف تقسیم کئے۔