ملتان ڈویلپمنٹ اتھارٹی کو متعلقہ ڈائریکٹوریٹ کے علم میں لا کر تجازات کیخلاف کارروائی کرنے کی ہدایت

16

 

ملتان، 16 اگست (اے پی پی ): ڈائریکٹر جنرل ایم ڈی اے  قیصر سلیم کی سربراہی میں کانفرنس ہال میں ڈائریکٹر ز کا اجلاس ہوا۔ اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ انفورسمنٹ سیل کی طرف سے فیلڈ میں جاری شدہ نوٹس کی کاپی متعلقہ ڈائریکٹوریٹ میں بھی موصول کرائی جائے گی  تاکہ متعلقہ ڈائریکٹو ریٹ کو کارروائی کا علم ہو، ہر کارروائی کی پہلے اور بعد کی فوٹیج لی جائیں گی  تاکہ ریکارڈ میں ثبوت کے طور پر موجود رہے۔

 ڈائریکٹر جنرل ایم ڈی اے نے ہدایت کی کہ تمام ڈائریکٹوریٹس آپس میں ہم آہنگی پیدا کریں اور گڈ ورکنگ ریلیشن شپ قائم کریں۔ انہوں نے ڈائریکٹر فنانس اینڈ ایڈمنسٹریشن ایم ڈی اے شاکر عباس بزدار کو ہدایت کی کہ پورٹل کی درخواستوں پر مقررہ ٹائم میں کارروائی نہ کرنے والے متعلقہ آفیسر کے لئے جواب طلبی فارمیٹ تیار کریں، 3بار جواب طلبی ہونے پر فیلڈ آفیسر کے خلاف شو کاز نوٹس جاری کیا جائے۔

 پورٹل کے ذریعے شیر شاہ روڈ نزد منظور آباد تجاوزات کے خلاف ملنے والی درخواست پر ڈائریکٹر جنرل ایم ڈی اے نے  فوری سروے کا حکم  جاری کرتے ہوئے نوٹس جاری کرنے اور کارروائی کرنے کے احکامات جاری کئے۔ ڈائریکٹر جنرل نے پورٹل اور ون ونڈو سیل پر موصول ہونے والی درخواستوں پر فوری عمل درآمد کرنے کے احکامات بھی جاری کئے۔ انہوں نے کہا کہ پورٹل اور ون ونڈو کی درخواستوں پر کارروائی کے جوابات پورٹل پر فوری اپ لوڈ کئے جائیں۔

 اجلاس میں ایڈیشنل ڈائریکٹر جنرل ایم ڈی اے عارف ضیاء گجر،ڈائریکٹر فنانس اینڈ ایڈمنسٹریشن شاکر عباس بزدار،ڈائریکٹر ٹریفک اینڈ ٹرانسپوٹیشن چوہدری محمد اصغر،ڈائریکٹر ٹاؤن پلاننگ راؤ ذکا الرحمن، ڈائریکٹر انجینئرنگ غلام نبی، ڈائریکٹر اربن پلاننگ خواجہ وقاص و دیگر آفیسران شریک تھے۔