اسلام آباد، 16اگست (اے پی پی): وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی نے کہا ہے کہ ہمارا حتمی مقصد پرامن، متحد، جمہوری، مستحکم اور خوشحال افغانستان ہے۔ یہ بات انہوں نے افغان رہنماؤں کے وفد سے گفتگو کرتے ہوئے کہی جنہوں نے پیر کو ان سے وزارت خارجہ میں ملاقات کی۔ملاقات کے دوران افغانستان کی صورتحال کے حوالے سے تبادلہ خیال کیا گیا۔
انہوں نے کہا کہ ضروری ہے کہ ہم مل کر افغانستان اور خطے کی بہتری کیلئے لائحہ عمل واضع کریں، ہمارا حتمی مقصد پرامن، متحد، جمہوری، مستحکم اور خوشحال افغانستان ہے۔
وزیر خارجہ نے کہا ہے کہ مجھے امید ہے کہ ہم مل کر امن اور مفاہمت کو آگے بڑھا سکتے ہیں، عالمی برادری واضح طور پر افغانستان میں امن اور مفاہمتی عمل کی حامی ہے، افغان قیادت کیلئے لازم ہے کہ وہ اس تاریخی موقع کا فائدہ اٹھاتے ہوئے،افغانستان کے وسیع البنیاد اور جامع سیاسی حل کی راہ ہموار کریں، ہم سمجھتے ہیں کہ جامع مذاکرات، افغان مسئلے کے پرامن سیاسی حل کا واحد راستہ ہیں۔
انہوں نے کہا ہے کہ ہم نہیں چاہتے کہ افغانستان میں بدامنی ہو اور اندرونی انتشار سے ہمسایہ ممالک متاثر ہوں، ہمیں امن مخالف ان عناصر پر بھی کڑی نظر رکھنا ہو گی جو پاکستان کے عالمی سطح پر تسلیم شدہ مصالحانہ کردار کو غلط رنگ دینے کی کوششوں میں مصروف ہیں۔
وزیر خارجہ نے ملاقات میں مزید کہا ہے کہ افغانستان کی حتمی منزل کے حصول میں افغان معاشرے کا ہر طبقہ یکساں اہمیت کا حامل ہے، ہمیں توقع ہے کہ تمام افغان رہنما، وسیع تر قومی مفاد میں مل کر کاوشیں بروئے کار لائیں گے، پاکستان، افغانستان میں قیام امن کیلئے اپنا تعمیری اور مصالحانہ کردار ادا کرنے کیلئے پر عزم ہے،ضرورت اس امر کی ہے کہ عالمی برادری افغانستان کی تعمیر نو اور بحالی کیلئے تعاون اور اقتصادی معاونت کی فراہمی کیلئے آگےآئے۔











