کامیابی حاصل کرنے کے لئے کشتیاں جلا کر بڑے قدم کی طرف جانا پڑتا ہے؛ وزیراعظم عمران خان

17

اسلام آباد،16اگست  (اے پی پی):وزیراعظم عمران خان نے طبقاتی تقسیم کے خاتمہ کے لئے   یکساں نصاب تعلیم کا اجرا کرتے ہوئے کہا ہے کہ آزادی کے بعدیکساں نصاب تعلیم  رائج نہ کرکے ہم نے اپنے اوپر ظلم کیا، ماضی کے نصاب کی وجہ سے معاشرہ دو طبقوں میں تقسیم  تھا، یکساں نصاب تعلیم سےملک کو ایک قوم بنائیں گے،8 ویں ، 9  ویں اور 10 ویں کلاسوں میں  سیرت النبی ﷺ کی تعلیم دی جائے گی،  اقلیتوں کو بھی ان کے  مذاہب کی تعلیم دی جانی  چاہیے، ذہنی غلامی اصل  غلامی سے زیادہ  بری ہے،ایک غلام ذہن کبھی بڑا کام نہیں کر سکتا۔ انہوں نے کہا کہ ہمارے ملک میں یکساں نصاب تعلیم کا اجرا پہلا قدم ہے اور اس میں بڑی مشکلات پیش آئیں گی۔ جو لوگ نہیں چاہتے کہ نصاب میں تبدیلی ہو وہ اس حوالے سے بہت سے باتیں کریں گے کہ یہ کام نہیں ہو سکتا اور اس سلسلہ میں اپنے دلائل بھی دیں گے لیکن انسان جب بڑ ی سوچ کے ساتھ قدم اٹھاتا ہے تو وہ کامیاب ہوتا ہے اور کامیابی کاراز یہ ہے کہ جب آپ بڑا قدم اٹھائیں تو اپنی کشتیاں جلا کر آگے بڑھیں  اور پھر واپسی کا نہیں سوچنا۔ انہوں  نے کہا کہ تمام تر مشکلات کے باوجود ہم ملک کو ایک قوم بنائیں گے۔