رحیم یار خان،17 اگست (اے پی پی ):صوبائی مشیر صحت محمد حنیف خان پتافی نے محرم الحرام انتظامات کا جائزہ لینے کے لئے رحیم یار خان کا دورہ کیا۔انہوں نے امن و امان سمیت سیکورٹی کی مجموعی صورتحال کا جائزہ لینے کے لئے اجلاس کی صدارت کی۔ڈپٹی کمشنر ڈاکٹر خرم شہزاد اور ڈی پی او اسد سرفراز نے صوبائی مشیر صحت کو سیکورٹی و انتظامی امور بارے بریفنگ دی۔
صوبائی مشیر صحت محمد حنیف پتافی نے لنگر حسینی سے برآمد ہونے والے اے کیٹگری جلو س کی گزرگاہوں کا جائزہ لیا اور ضلعی کنٹرول روم اور پولیس لائن میں ڈرون مانیٹرنگ کے اقدامات کا جائزہ لیا۔
صوبائی مشیر صحت محمد حنیف پتافی نے کہاکہ وزیر اعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار صوبہ بھر میں محرم الحرام کے انتظامات کی مانیٹرنگ کر رہے ہیں،وزیر اعلیٰ پنجاب نے صوبائی کابینہ کو بھی محرم الحرام انتظامات کا جائزہ لینے کے لئے اضلاع میں ذمہ دریاں تفویض کی ہیں۔انہوں نے کہا کہ ضلعی انتظامیہ، پولیس اور دیگر قانون نافذ کرنیوالے ادارے فول پروف سیکورٹی و انتظامات کو یقینی بنائیں گے،اہم جلوس و مجالس کی سی سی ٹی وی کیمروں سے مانیٹرنگ کی جائے گی اورضلع و تحصل او رتھانہ سطح پر امن کمیٹی ممبران سے رابطہ رکھا جائے جبکہ سرکاری ہسپتالوں میں ایمرجنسی سروسز کو بھی فعال رکھا جائے۔
مشیر صحت حنیف پتافی نے کہا کہ جلو س و مجالس کے نزدیک ریسکیورز او رطبی عملہ تعینات رہے گا،ضلعی انتظامیہ اور پولیس کی جانب سے اقدامات تسلی بخش ہیں۔انہوں نے کہا کہ علماء کرام مذہبی منافر ت کے خاتمہ میں اپنا کردار ادا کریں۔انہوں نے مزید کہا کہ جلوس ومجالس میں کورونا ایس او پیر اور ماسک کے استعمال کو یقینی بنایا جائے۔
ڈپٹی کمشنر ڈاکٹر خرم شہزاد نے کہا کہ ضلع میں محرم انتظامات کی ہر لمحہ مانیٹرنگ کی جا رہی ہے، امن و امان کے قیام اور مذہبی ہم آہنگی کے لئے تھانہ، تحصیل اور ضلع سطح پر امن کمیٹیوں کے اجلاس منعقد کئے گئے۔انہوں نے کہا کہ ضلع میں امن و امان کے قیام کے لئے رینجرز کی3اور پاک آرمی کی 2کمپنیاں پولیس کی معاونت کریں گی،ضلع و تحصیل سطح پر کنٹرول رومز فعال اور تمام محکموں کے نمائندگان کی ڈیوٹیاں لگائی گئی ہیں۔
ڈی پی او اسد سرفراز نے کہا کہ جلوسوں و مجالس کے منتشر ہونے تک پولیس کے جوان و افسران مستعد رہیں گے،محرم الحرام میں سیکورٹی کے حوالہ سے جامع سیکورٹی پلان جاری کیا گیا ہے،تمام جلوس و مجالس کی سی سی ٹی وی کیمروں سے مانیٹرنگ کی جا رہی ہے۔انہوں نے کہا کہ جلوس و مجالس کے روٹس پر 100سے زائد کیمرے لگائے گئے ہیں،اے کیٹگری کے جلوس کی لائیو ڈرون گاڑی سے مانیٹرنگ کی جائے گی۔











