چنیوٹ، 18 اگست(اے پی پی): ڈی پی او چنیوٹ بلال ظفر نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ضلع چنیوٹ میں 9اور 10محرم الحرام کے جلوسوں،مجالس کے سیکیورٹی انتظامات کو مکمل کرلیا گیا ہے۔تمام وسائل بروئے کار لاکر مجالس،جلوسوں پر تھری لیئر سیکیورٹی انتظامات کو حتمی شکل دے دی گئی ہے۔عزاداروں کے تحفظ کوہرصورت یقینی بنایا جائے گا۔
ڈی پی او نے تفصیلات بتاتے ہوئے کہا کہ9محرم کو ضلع بھر میں 37جلوس،73مجالس کا انعقاد ہوگا جن میں سے 4جلوس کیٹگری اے،12جلوس کیٹیگری بی،21جلوس کیٹیگری سی کے ہونگے۔ 7مجالس کیٹیگری اے،20کیٹیگری بی،46مجالس کیٹیگری سی کی ہونگی۔10 محرم الحرام کوضلع چنیوٹ میں 92جلوس،61مجالس کا انعقاد ہوگا۔جن میں سے 14جلوس کیٹیگری اے،20جلوس کیٹیگری بی،58 جلوس کیٹیگری سی کے ہونگے۔6 مجالس کیٹیگری اے،20مجالس کیٹیگری بی،35مجالس کیٹیگری سی کی ہونگی۔تمام مجالس، جلوسوں پر دو ہزار سے زائد پولیس افسران و ملازمین سیکیورٹی کے فرائض سرانجام دینگے۔تمام مجالس،جلوسوں کی سی سی ٹی وی کیمروں، ویڈیوریکارڈنگ، سرویلنس وہیکلز سے مانیٹرنگ کی جائے گی، مانیٹرنگ کیلئے کنٹرول روم قائم کردیا گیاہے۔ حساس مجالس،جلوسوں کی ڈرون کیمروں سے نگرانی کی جائے گی۔حساس علاقوں میں ایلیٹ فورس، پاک آرمی کی ٹیمیں مسلسل گشت کریں گی۔جلوسوں سے ملحقہ راستوں کو خاردار تاروں سے بند رکھا جائے گااور عام پبلک کیلئے متبادل راستوں کا انتظام کردیا گیا ہے۔
انہوں نے کہا کہ مجالس،جلوسوں میں شامل ہونے والے افراد کو مخصوص انٹری پوائنٹس،تھری لیئر سیکیورٹی چیک پوائنٹس،واک تھرو گیٹس،میٹل ڈٹیکٹرز اور فزیکل سرچ کے بعدشامل ہونے دیا جائے گا۔ خواتین کی چیکنگ کیلئے لیڈیز پولیس اہلکار تعینات کی گئی ہیں۔جلوسوں کے فرنٹ،بیک پر تھری لیئرز سیکیورٹی انتظامات کو یقینی بنایا گیا ہے۔اہم پوائنٹس پر چھتوں پر مسلح جوان تعینات کیے گئے ہیں۔ ٹربل پوائنٹس پر سخت سیکیورٹی انتظامات کو یقینی بنایاگیاہے۔جلوسوں کے فرنٹ،بیک اور اہم پوائنٹس پر ایلیٹ فورس کے جوان تعینات کیے گئے ہیں۔سیکیورٹی کے پیش نظر ضلع بھر میں دفعہ 144نافذ کردی گئی ہے۔مجالس،جلوسوں اور دیگر مذہبی تقریبات کے علاوہ جلسے، جلوسوں، اجتماعات پر پابندی عائد کردی گئی ہے۔جلوسوں کے راستوں،دوکانوں وغیرہ،ملحقہ چھتوں پر کھڑے ہوکر جلوس دیکھنے پر پابندی عائد ہے، خلاف ورزی کرنے والوں کیخلاف سخت قانونی کاروائی عمل میں لائے جائے گی۔جلوسوں کے راستوں کی روٹ کلیئرنس سویپنگ کے ذریعے کی جائے گی۔سرویلنس وہیکلز کی مدد سے مجالس،جلوسوں کے چاروں اطراف کو مانیٹر کیا جائے گا۔ڈرون کیمروں کے استعمال پر پابندی ہے۔مجالس جلوسوں میں ضابطہ اخلاق پر عملدرآمد کو یقینی بنایا جائے گا۔کسی بھی ناگہانی صورتحال سے نمٹنے کیلئے ریزرو نفری،اینٹی رائٹ سے لیس نفری الرٹ رہے گی۔ضلع کے داخلی اور خارجی راستوں پر ہائی الرٹ ناکہ بندی ہوگی۔جلوس ہائے کے موقع پرٹریفک کو رواں دواں رکھنے کیلئے سپیشل ٹریفک عملہ تعینات کیا گیاہے۔
انہوں نے کہا کہ شرپسند عناصر سے سختی سے نمٹا جائے گا،تمام وسائل بروئے کار لاکر ضلع میں امن و امان برقرار رکھا جائے گا