لاہور، 18 اگست ( اے پی پی): وزیر اعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار کی خصوصی دعوت پر گورنمنٹ گرلز ہائر سیکنڈری سکول اور گورنمنٹ سٹی گرلز ہائی سکول کی طالبات اور اساتذہ نے وزیر اعلیٰ ہاؤس اور آفس کا دورہ کیا۔
وزیر اعلی آفس آمد اور عثمان بزدار سے ملاقات پر طالبات نے اپنے خوشی بھرے جذبات کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ یہ پہلا موقع ہے ہے کسی وزیر اعلیٰ نے تونسہ شریف کی سکول طالبات کو لاہور کے مطالعاتی دورے پر آنے کی دعوت دی۔ ان کا کہنا تھا کہ یہ تاریخی موقع فراہم کرنے پر ہم سردار عثمان بزدار کا شکریہ ادا کرتی ہیں، ہمیں یہاں ایسا پیار اور پروٹول ملا کہ جس کی ہمیں بالکل بھی توقع نہ تھی ہم میں سے بہت سی طالبات نے پہلی بار لاہور کو دیکھا، ہمارے لئے یہ ایک ایسا تاریخی موقع ہے کہ جسے ہم تمام عمر بھلا نہ پائیں گی۔
طالبات نے اردو، سرائیکی اور انگریزی میں بات کرتے ہوئے مزید کہا کہ ہمارے لئے عثمان بزدار فخر پنجاب اور فخر کوہ سلیمان ہیں اور آج ہم بے اختیار عثمان بزدار زندہ باد کے نعرے بلند کر رہی ہیں۔
طالبات نے مزید کہا کہ عثمان بزدار نے ہم سے وعدہ کیا ہے کہ وہ آئندہ بھی تونسہ کے طلباء و طالبات سے ملاقات کا اہتمام کیا کریں گے اور تونسہ میں تعلیمی اور معیار زندگی بلند کرنے کے اقدامات کرتے رہیں گے۔
گورنمنٹ گرلز ہائر سیکنڈری سکول اور گورنمنٹ سٹی گرلز ہائی سکول کی طالبات اور اساتذہ نے لاہور کے تاریخی مقامات کی سیر بھی کی۔