بہاولنگر ،21اگست( اے پی پی ): ڈپٹی کمشنر شفقت اللہ مشتاق نے کہا ہے کہ پولیوکا خاتمہ ہمارا عزم ہے اور والدین اپنے بچوں کو عمر بھر کی معذوری سے بچانے کے لیے پولیو سے بچاؤکی حفاظتی ویکسین پلوائیں اور 20 ستمبر سے 24ستمبرکے دوران پولیو مہم کو کامیابی سے ہمکنار کرنے کے لیے اپنا بھرپور کردار ادا کریں۔
یہ بات انہوں نے ڈی سی آفس کے کمیٹی روم میں پولیو مہم کے سلسلہ میں انتظامات کے جائزہ اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کہی۔ اجلاس میں بتایا گیا کہ 20ستمبر سے 22ستمبر کے دوران پولیو مہم جبکہ کیچ اپ ایکٹویٹی 23ستمبر سے 24ستمبر تک کی جائے گی۔
اجلاس کو بتایا گیا کہ ضلع بھر میں پانچ سال تک کی عمر کے(500110) پانچ لاکھ ایک سو دس بچوں کو حفاظتی ویکسین دی جائے گی۔ اس مقصد کے لیے مجموعی طور پر ضلع بھر میں 1376ٹیمیں فرائض سرانجام دیں گی اور ان میں 126فکسڈ ، اور1169موبائل اور 81ٹرانزٹ ٹیمیں شامل ہیں۔ اجلاس کو مزید بتایا گیا کہ کورونا سے بچاؤ کے لیے ٹیموں کوفیس ماسک، سینی ٹائزرز مہیا کیے جائیں گے ۔
اس موقع پر محکمہ صحت کے افسران ، ڈبلیو ایچ او کے نمائندہ اور متعلقہ محکموں کے آفیسرز نے شرکت کی۔